فضل محمود نیشنل کلب کرکٹ چیمپئن شپ میں گل کلب نے نیو ینگ اسٹار جہلم کو 8 وکٹوں سے ہرا دیا

26

راولپنڈی (جسارت نیوز)فضل محمود نیشنل کلب کرکٹ چیمپئن شپ میں گل کلب نے نیو ینگ اسٹار جہلم کو بآسانی 8 وکٹوں سے ہرا دیا، عمیر مسعود نے 92 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی۔ گزشتہ روز اے آر ایل گرائونڈ میں کھیلے گئے 40 اوورز میچ میں نیو ینگ اسٹار جہلم کی ٹیم پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 39.5 اوورز میں 151 رنز بناکر آئوٹ ہوگئی، تنویر عباس 68 رنز کے ساتھ ٹاپ اسکورر رہے، گل کلب کی طرف سے نوید ملک نے چار اور مزمل نظام نے تین کھلاڑیوں کو آئوٹ کیا۔ جواب میں گل کلب نے ہدف 20.4 اوورز میں 2 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کر لیا، عمیر مسعود نے عمدہ بیٹنگ کا مظاہرہ کیا اور 67 گیندوں پر 92 رنز بنائے۔ نوید ملک 42 رنز کے ساتھ دوسرے نمایاں بلے باز رہے۔ عمیر مسعود کو مین آف دی میچ قرار دیا گیا۔
ساہیوال،ڈسٹرکٹ ہاکی چیمپئن شپ اسپورٹس ہاکی گرائونڈ میں شروع ہوگئی
ساہیوال (جسارت نیوز) ڈسٹرکٹ ہاکی چیمپئن شپ گزشتہ رو ز اسپورٹس ہاکی گرائونڈ میں شروع ہوگئی ‘افتتاحی میچ نیشنل ہاکی کلب اور برادرز ہاکی کلب کے مابین کھیلاگیا جو نیشنل ہاکی کلب نے شاندار کھیل کا مظاہر ہ کرتے ہوئے صفر کے مقابلہ میں 3گول سے جیت لیا۔جیتنے والی ٹیم کے کھلاڑیوں طاہر محمود‘ عبدالرحمن اور دیگر نے شاندار کھیل کا مظاہرہ کیا ۔ میچ کے مہمان خصوصی اسسٹنٹ کمشنر ساہیوال محمد سیف تھے جن کا کھلاڑیوںکے ساتھ تعارف کرایاگیا۔ اس موقع پر ڈسٹرکٹ اسپورٹس آفیسر ساہیوال چوہدری عبدالقیوم ‘ صدر ڈی ایچ اے ساہیوال انوارا لحق اور سیکرٹری ڈی ایچ اے محمد ہارون بٹ کے علاوہ شیخ وحید اور دیگر کھیلوں کی تنظیموں سے تعلق رکھنے والے افراد بھی موجود تھے۔ مہمان خصوصی نے کھلاڑیوں پر زور دیا کہ وہ گرائونڈ کو آباد رکھنے کے لئے ہاکی کے کھیل پر بھرپور توجہ دیں ۔