لوگوں کی تنقید کے بعد زیادہ محنت کا حوصلہ ملتا ہے ،امام الحق

26

ٹائونٹن ( جسارت نیوز)پاکستانی کرکٹر اور انضام الحق کے بھتیجے امام الحق نے بتایا ہے کہ لوگوں کی باتیں مجھے اور بھی زیادہ محنت کرنے کا حوصلہ دیتی ہیں اور خود پر ہونے والی تنقید نے ذہنی طور پر مزید مضبوط بنا دیا ہے،تنقید ایک کھلاڑی کے ساتھ ساری زندگی چلتی ہے لیکن ان کا فوکس بس کرکٹ ہے، فطری طور پر کبھی کبھار دکھ بھی ہوتا ہے لیکن یہی تنقید ذہنی طور پر پختہ کرتی ہے، اچھی کارکردگی کے لیے ہر بار پہلے سے زیادہ محنت کرتا ہوں۔ ٹانٹن میں پاکستان ٹیم کے پریکٹس سیشن کے بعد میڈیا سے گفتگو میں امام الحق نے کہا کہ ورلڈ کپ میں وہی ٹیم کامیاب ہو گی جس کے اوپنرز اچھا پرفارم کریں گے۔10 ٹیسٹ اور 30 ایک روزہ میچز میں پاکستان کی نمائندگی کرنے والے امام الحق نے کہا کہ ان کی کوشش ہوتی ہے کہ ابتدائی 10 اوورز میں کوئی وکٹ نہ گنوائیں اور پاکستان ٹیم کو بڑے سکور کیلئے ایک پلیٹ فارم فراہم کریں۔ورلڈکپ میں آسٹریلیا کے خلاف میچ کے حوالے سے بات کرتے ہوئے امام الحق نے کہا کہ کینگروز سے دو طرفہ سیریز کی شکست ذہن میں نہیں، کھلاڑی اس کو بھلا کر آسٹریلیا کے خلاف میدان میں اتریں گے۔قومی اوپنر کا کہنا تھا کہ مچل سٹارک ان کیلئے خطرہ نہیں بلکہ ایسے بولر ہیں کہ جن کا سامنا کر کے اور بھی حوصلہ افزائی ہوتی ہے۔امام الحق نے کہا کہ جوفرا آرچر اور مارک ووڈ کے بارے میں بھی یہی کہا گیا تھا، ربادا کے بارے میں بھی یہی رائے تھی لیکن ان سب کا سامنا کر لیا ہے۔
کرکٹ ورلڈکپ؛ بنگلادیش اور سری لنکا کا میچ بارش کے باعث منسوخ
برسٹل(جسارت نیوز) بنگلادیش اور سری لنکا کے درمیان میچ بھی بارش کے باعث منسوخ کردیا گیا ہے اور دونوں ٹیموں کو ایک ایک پوائنٹ مل گیا ہے۔کرکٹ ورلڈکپ کے سنسنی خیز مقابلوں کا سلسلہ جاری ہے تاہم بارش کے باعث اب تک ایونٹ کے 2 میچز متاثر ہوچکے ہیں جس کی وجہ سے شائقین کو کافی مایوسی کا سامنا کرنا پڑا تھا، ایونٹ کا سولہواں میچ برسٹل میں بنگلادیش اور سری لنکا کے درمیان کھیلا جانا تھا تاہم میچ ایک بار پھر بارش کے باعث منسوخ کردیا گیا اور دونوں ٹیموں کو ایک ایک پوائنٹ مل گیا ہے۔برسٹل کا کاؤنٹی گراؤنڈ گیلا ہونے کی وجہ سے بنگلا دیش اور سری لنکا کے میچ کا ٹاس بھی نہ ہوسکا ہے۔