بڑی گرفتاریاں ہوگئیں،اللہ کو پاکستان پر رحم آگیا،وزیراعظم

53
اسلام آبادـ: وزیراعظم عمران خان کابینہ اجلاس کی صدارت کررہے ہیں
اسلام آبادـ: وزیراعظم عمران خان کابینہ اجلاس کی صدارت کررہے ہیں

اسلام آباد(نمائندہ جسارت ) وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ بڑی گرفتاریاں ہوگئیں۔ اللہ تعالی کو پاکستان پر رحم آگیا ہے۔ مہذب معاشرے میں چھوٹے بڑے کے لیے الگ قانون نہیں ہوتا۔جو لوگ پکڑے جارہے ہیں اس سے ہمیں فائدہ ہوگا۔ منگل کو اسلام آباد میں وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت تحریک انصاف کی پارلیمانی پارٹی کا اجلاس ہوا جس کے دوران انہیں لندن میں بانی ایم کیو ایم الطاف حسین کی گرفتاری سے آگاہ کیا گیا۔اپوزیشن رہنما ئو ں کی گرفتاری پر وزیراعظم عمران خان نے تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ اللہ تعالی کو پاکستان پر رحم آگیا ہے، جو لوگ پکڑے جارہے ہیں اس سے ہمیں فائدہ ہوگا۔ مہذب معاشرے میں چھوٹے بڑے کے لیے الگ قانون نہیں ہوتا اسی لیے نئے پاکستان میں سب کے لیے یکساں قانون ہے۔اجلاس میں ارکان اسمبلی نے وزیراعظم سے ترقیاتی فنڈز جاری نہ ہونے کا شکوہ کیا تو وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ بہت جلد ارکان اسمبلی کے حلقوں کے لیے فنڈز جاری کردینگے۔