خیبرپختونخوا کا750ارب مالیت کا بجٹ تیار

28

پشاور (اے پی پی) مالی سال 2019-20کیلیے خیبر پختونخوا کے بجٹ کو حتمی شکل دی جا رہی ہے اور یہ بجٹ 18جون کو صوبائی اسمبلی میں پیش کیے جانے کا امکان ہے۔ ذرائع کے مطابق بجٹ کا کل حجم تقریباََ ساڑھے سات سو ارب روپے ہے ،جس میں اخراجات جاریہ کیلیے 475 ارب 25 کروڑ روپے اور سالانہ ترقیاتی پروگرام کیلیے200ارب روپے مختص کرنے کی تجویز ہے ، ذرائع کے قبائلی اضلاع کے سالانہ ترقیاتی پروگرام کیلیے بجٹ میں 36ارب روپے مختص کرنے کی تجویز ہے جبکہ ان اضلاع کے اخراجات جاریہ کیلیے 65ارب روپے کی گنجائش رکھی گئی ہے ،آئندہ مالی سال کیلیے صوبے کی کل آمدن کا تخمینہ 657ارب25کروڑ روپے لگایا گیا ہے جن میں سے 70ارب روپے غیر ملکی وسائل سے صوبے کو حاصل ہونگے ، صوبے کے تمام باشندوں کو صحت انصاف کارڈ کی فراہمی، پشاور کیلیے خصوصی ترقیاتی پیکج اور پشاور و ہنگو میں وزیر اعظم سستا گھر سکیم کو بھی اے ڈی پی کا حصہ بنایا گیا ہے جبکہ گرین وزیرستان و باجوڑ منصوبہ ،قبائلی اضلاع میں پینے کے پانی کی سکیمیں ، ضلع کرم میں میڈیکل کالج کا قیام اور دیگر متعدد ترقیاتی منصوبے بھی اے ڈی پی کا حصہ ہونگے ، اقلیتوں کیلیے تین کروڑ کا فلاحی پیکج بھی بجٹ کا حصہ ہوگا۔