عالمی سطح پر اثر رسوخ بڑھانے کیلیے یورپی یونین کا منصوبہ

32

برسلز (انٹرنیشنل ڈیسک) یورپی یونین نے 5 برس میں سیکورٹی، اقتصادی نمو اور ماحولیات کے شعبوں میں بہتری لاکر عالمی سطح پر اپنا اثر رسوخ بڑھانے کی کوشش شروع کردی۔ ذرائع ابلاغ کے مطابق یہ بات یورپی یونین کے تزویراتی ایجنڈے کے مسودے میں بیان کی گئی ہے، جس میں 2024ء کے لیے اہداف رکھے گئے ہیں۔ مسودے میں یورپی یونین کو با اعتماد اور طاقتور بنانے کے ساتھ نئے رکن ممالک کی شمولیت کا منصوبہ درج ہے۔ یہ دستاویز آیندہ ہفتے ہونے والی یورپی رہنماؤں کی ملاقات میں پیش کی جائے گی، جس پر 28 رکنی بلاک میں تفصیلی گفتگو ہو گی۔مسودے میں لکھا ہے کہ یونین آیندہ 5برس کے دوران دنیا بھر میں اپنے اثر رسوخ میں اضافہ کرنا چاہتی ہے اور منصوبے کو پایہ تکمیل تک پہنچانے کے لیے مزید وسائل کی ضرورت ہے۔ دستاویز کے مطابق خارجہ امور میں یورپی یونین کو متحد اور پر عزم انداز میں اپنے موقف کی نمایندگی کرنی چاہیے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ ماحولیات کے حوالے سے نوجوانوں کے احتجاج اور یورپی پارلیمان کی انتخابی مہم کے دوران کیے گئے وعدوں کے باوجود ابھی تک کوئی نیا ہدف مقرر نہیں کیا گیا۔ شہریوں کے تحفظ اور آزادیوں کے حوالے سے دستاویز میں زور دیا گیا ہے کہ یورپی یونین کو اپنی بیرونی سرحدوں کی نگرانی کو مؤثر بنانے اور غیر قانونی ترک وطن کو روکنے کے اقدامات کو مزید سخت کرنا ہو گا۔