ترکی میں کرد علاحدگی پسندوں کا حملہ‘2 مزدور جاں بحق

40

انقرہ (انٹرنیشنل ڈیسک) ترکی کے ضلع حقاری میں علاحدگی پسند دہشت گرد تنظیم ’’پی کے کے ‘‘کے دہشت گردوں نے حملہ کرکے 2 مزدوروں کو ہلاک کر دیا۔ مقامی انتظامیہ کے مطابق واقعہ یوکسیک اووا تحصیل سے منسلک ایک زرعی اراضی کے قریب پیش آیا، جہاں دہشت گردوں نے کام کرنے والے مزدوروں پر حملہ کر دیا۔ دوسری جانب شمالی عراق کے علاقوں زاپ اور متینہ پر ترک فضائیہ کے حملوں میں دہشت گردکرد تنظیم کے بعض ٹھکانوں کو نشانہ بنایا گیا۔ ترک محکمہ دفاع کے مطابق کاروائی آپریشن پنجہ کے تحت کی گئی، جس میں اسلحہ کے گوداموں،پناہ گاہوں اور دیگر اہداف کو تباہ کیا گیا۔
ہنگری: ڈوبنے والی سیاحوں کی کشتی سے مزید 4 لاشیں برآمد
بودا پست (انٹرنیشنل ڈیسک) ہنگری کے دریائے ڈینیوب میں ڈوبنے والی سیاحوں کی کشتی کے ڈھانچے سے مزید 4 لاشیں برآمد ہوئیں، جس کے بعد ہلاک ہونے والوں کی تعداد 11 ہوگئی، جب کہ 17 افراد تاحال لاپتا ہیں۔ ہنگری میں گزشتہ ماہ جہاز اور سیاحوں کی کشتی کے درمیان تصادم کے نتیجے میں کشتی ڈوب گئی تھی۔ متاثرین میں جنوبی کوریا سے تعلق رکھنے والے 13 سیاح، 3 گائیڈ اور جہاز کے عملے کے 2 ارکان شامل ہیں۔ گزشتہ روز سرچ آپریشن کے دوران کشتی کو سمندر کی تہ سے نکالا گیا تو اندر سے مزید 4 لاشیں برآمد ہوئیں۔