ہانگ کانگ سے چین کے مشتبہ مجرموں کی بے دخلی کا مجوزہ قانون‘ امریکا کو تشویش

21

ہانگ کانگ (انٹرنیشنل ڈیسک) امریکا نے ہانگ کانگ میں مشتبہ ملزمان کی چین حوالگی کے مجوزہ قانون پر شدید تشویش کا اظہار کردیا۔ امریکی محکمہ خارجہ کی ترجمان مورگن اورٹاگس نے ہانگ کانگ سے مطالبہ کیا کہ وہ خودمختار خطے کے اندرونی و بیرونی ممالک کے تحفظات پر توجہ دے۔ امریکی ترجمان نے کہا کہ قانون میں مجوزہ ترامیم ہانگ کانگ کی خودمختاری کو کمزور کر دیں گی۔ انہوں نے کہا کہ ہانگ کانگ میں مقیم اور وہاں کا دورہ کرنے والے امریکی بھی چین کے غیر مستقل مزاج عدالتی نظام کی زد میں آ سکتے ہیں۔یاد رہے کہ گزشتہ روز 1997ء میں برطانیہ سے علاحدگی کے بعد ہانگ کانگ میں سب سے بڑے احتجاجی مظاہرے ہوئے۔
سعودی عرب نے یمنی باغیوں کے حملے کی کوشش ناکام بنادی‘ 2 ڈرون مار گرائے
ریاض (انٹرنیشنل ڈیسک) سعودی فضائیہ نے یمن کے حوثی باغیوں کے 2 ڈرون تباہ کردیے۔ حوثی باغیوں کے خلاف سرگرم سعودی اتحاد کے مطابق ڈرون طیاروںکا ہدف خمیس مشیط کا علاقہ تھا تاہم حملے میں کوئی جانی یا مالی نقصان نہیں ہوا۔ اس سے قبل باغیوں کی طرف سے دعویٰ کیا گیا تھا کہ انہوں نے خمیس مشیط کے قریب سعودی ائربیس کو نشانہ بنایا ہے۔عرب اتحاد کے ترجمان کرنل ترکی المالکی کا کہنا تھا کہ حوثی ملیشیا شہری تنصیبات کو نشانہ بنانے کی کوششیں کر رہی ہے۔ ترجمان نے باور کرایا کہ سعودی حکومت دشمنانہ کارروائیوں سے نمٹنے کے لیے مناسب جوابی اقدامات کا قانونی حق رکھتی ہے۔ 26 مئی کو عرب اتحاد نے ڈرون طیارہ مار گرانے کا اعلان کیا تھا۔