پختونخوا‘ نیا پاکستان ہائوسنگ اسکیم کے تحت تعمیراتی اسکیموں کی منظوری

20

پشاور (اے پی پی)وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا محمود خان نے نیا پاکستان ہائوسنگ اسکیم کے تحت صوبے میں گھروں کی 3 مختلف تعمیراتی اسکیموں کی منظوری دی ہے اورا سکیموں پر تیز تر عمل درآمد کی ہدایت کی ہے ۔ اس حوالے سے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے وزیراعلیٰ نے پشاور میں 8500کنال وسیع قطعہ اراضی پر20 ہزار گھروں کی تعمیر کے مجوزہ پلان سے اتفاق کیا ہے اور ہدایت کی ہے کہ آئندہ20 دن کے اندر منصوبے کی ابتدائی فیزیبلیٹی مکمل کی جائے اور پاکستان ہاؤسنگ اتھارٹی کے ساتھ مفاہمتی
یادداشت پر دستخط کیے جائیں تاکہ اسکیم کا بروقت اجرا یقینی ہو سکے ۔ انہوں نے سوات اور ہنگو ہاؤسنگ اسکیموں کی حتمی تجویز بھی آئندہ 10 دنوں کے اندر پیش کرنے کی ہدایت کی ہے جس کے تحت ہنگو میں9 ہزار جبکہ سوات میں3 ہزار گھر تعمیر کیے جائیں گے۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ مذکورہ اسکیموں پر عمل درآمد میں جلد پیش رفت یقینی بنائی جائے کیونکہ موجودہ حکومت غریب اور ضرورت مند عوام کو سہولیات دینا چاہتی ہے۔ا اسکیم کے لیے باضابطہ ممبر شپ مہم چلائی جائیگی۔ وزیراعلیٰ نے یقین دلایا کہ مذکورہ اسکیم کے لیے درکار5 سو ملین روپے سیڈ منی اور سائٹ تک رسائی کے لیے سڑک کی تعمیر اور باؤنڈری وال کے لیے وسائل کا انتظام صوبائی حکومت کرے گی۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ اسکیموں کے اجرا کے طریقہ کار سمیت تمام معاملات واضح ہونے چاہییں۔
نیا پاکستان ہائوسنگ