پاکستان کی تاریخ میں پہلے آئی پی ایوارڈ کا انعقاد 29جون کو ہوگا

45

کراچی(اسٹاف رپورٹر)پاکستان کی تاریخ میں پہلی مرتبہ حکومت پاکستان کے اشتراک سے حقوق دانش کی ملکیت رکھنے والے اداروں اور افرادکو آئی پی ایکسیلنس ایوارڈز 29جون 2019ء کو دیئے جائیں گے ۔ملکی تاریخ میں منعقد ہونے والے اس پہلے آئی پی ایکسیلنس ایوارڈ کی تقریب کراچی میں منعقد ہو گی ۔قومی سطح پر پہلے آئی پی ایوارڈ کا انعقادآئی پی او پاکستان اور انٹیلیکچوئل پراپرٹی ایسوسی ایشن (آئی پی اے )کے اشتراک سے برانڈفائونڈیشن کے زیر اہتمام کیا جا رہا ہے ۔ انٹیلیکچوئل پراپرٹی آرگنائزیشن کے جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق پاکستان میں ایک لاکھ 70ہزار سے زائد ٹریڈ مارکس مختلف کلاسز میں رجسٹرڈ ہو چکے ہیں جبکہ کاپی رائٹس رجسٹریشن 38000سے تجاوز کرچکی ہے ۔ آئی پی ایوارڈزکے لیے منتخب ہوانے والے اداروں اور افراد کا انتخاب طریقہ کار آئی پی اے پاکستان کی مشاورت سے طے کیا گیا ہے ۔تمام تر جانچ پڑتال کے بعد کی جانے والی نامزدگیوں کی توثیق آئی پی او پاکستان کے ڈیٹا بیس سے براہ راست کی جائے گی ۔ آئی پی ایوارڈکے لیے قوائد و ضوابط کے مطابق پہلے مرحلے میں ڈھائی ہزار سے زائد بین الاقوامی ،قومی اور مقامی ٹریڈ مارکس اور کاپی رائٹس کا نہایت باریک بینی سے جائزہ لینے کے بعد بہترین 100نامزدگیوں کو ایوارڈ کیلئے حتمی طور پر منتخب کیا جارہا ہے ۔ ایوارڈزحاصل کرنے والے اداروں اور افراد کا انتخاب کرتے ہوئے اس بات کو ملحوظ رکھا گیا ہے کہ ان کے پاس قیام پاکستان کے بعد سے اب تک حقوق دانش کے کسی بھی شعبے میں قدیم ترین رجسٹریشن موجود ہو ۔دوسرے نمبر پر وہ ادارے اور افراد اس ایوارڈ کے حقدار قرار دیئے جائیں گے جن کے پاس حقوق دانش کے سب سے زیادہ رجسٹریشن موجود ہوں ۔ایسے ادارے اور افراد بھی اس ایورڈ کے اہل ہوں گے جن کے پاس حقوق دانش کی تمام کلاسز میں رجسٹریشن موجود ہوں ۔علاوہ ازیں ان اداروں اور افراد کو بھی ایوارڈ دیا جائے گا جنہوں نے آئی پی کی ممتاز اور جدید ترین تخلیق کے حوالے سے کوئی قابل ذکر کام سر انجام دیا ہے ۔واضح رہے کہ آئی پی ایکسیلینس ایوارڈز(IP Excellence Awards)کی یہ تقریب آئی پی او، آئی پی اے اور برانڈ فائونڈیشن کے اشتراک سے ملک بھر میں جاری نیشنل آئی پی ڈرائیو کا حصہ ہے ۔ملک گیر سطح پر چلائی جانے والی یہ مہم حقوق دانش کی آگاہی ، فروغ ، حقوق کا تحفظ اور یکساں آئی پی رائٹس کے لیے شعور اجاگر کررہی ہے ۔اس مہم کے تحت ملک کے مختلف شہروں میں مقامی چیمبرز آف کامرس ، آرٹس کونسل ، علمی و ثقافتی اداروں ، ہائر ایجوکیشن سے تسلیم شدہ جامعات اور دیگر اداروں کے اشتراک سے سیمینارز ، کانفرنسز ، ورکشاپس اور مباحثے منعقد کیے جا رہے ہیں ۔آئی پی ڈرائیو کی مہم سارا سال جاری رہے گی۔ آئی پی ایکسیلینس ایوارڈز(IP Excellence Awards)کے انعقاد کا مقصد پاکستان میں ایسے افراد اور اداروں کو شناخت اور پذیرائی دلانا ہے جو حقوق دانش کی اہمیت کو سمجھتے ہوئے اس کے استعمال ، نفاذ اور ترقی کے لیے اپنا بھر پور کردار ادا کررہے ہیں ۔