عید پر کشمیریوں کے قتل عام پر عالمی برادری نوٹس لے ،ڈاکٹرخالد محمود خان

37

راولاکوٹ( پ ر) جماعت اسلامی آزاد جموں وکشمیر کے امیر ڈاکٹر خالد محمود خان نے کہا ہے کہ بھارت نے عید کے موقع پر بھی کشمیر میں کشمیریوں کا قتل عام جاری رکھا عالمی برادری اس کا سخت نوٹس لے ،OIC نے جو نمائندہ مقرر کیا وہ خوش آئند ہے وہ متحرک اور فعال کردار ادا کرتے ہوئے مقبوضہ کشمیر جائے اور وہاں پر ہونے والی انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں پر جامع رپورٹ مرتب کر کے عالمی سطح پر بھارت کے مظالم کو بے نقاب کرے ،نا م نہاد جمہوریت کا دعویدار بھارت مقبوضہ کشمیر میں بدترین ریاستی دہشت گردی کا ارتکاب کررہا ہے ،اقوام عالم کی خاموشی سے شہ پا کر کشمیریوں کو جیلوں میں ڈال کر تشدد کا نشانہ بنا رہا ہے ،نوجوانوں کو پیلٹ گنوں کے ذریعے بینائی سے محروم کیا جارہاہے ،کشمیری اقوام متحدہ کے چارٹر کے مطابق اپنے بنیادی حق کے لیے جدوجہد کررہے ہیں۔ ان خیالات کااظہار انہوں نے وفود سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ،ڈاکٹر خالد محمود خان نے کہاکہ مقبوضہ کشمیر کو بھارت نے عملاً کھلی جیل میں تبدیل کررکھا ہے بستیوں کی بستیوں کا گھیرائو کر کے مال و اسباب لوٹا جارہا ہے املاک کو نذر آتش کیا جارہا ہے خواتین کی عصمت دری ،بزرگوں کو تشدد کا نشانہ بنا رہا ہے ایسے میں بیس کیمپ اور حکومت پاکستان فیصلہ کن کردار ادا کرنے کے لیے ٹھوس اور جامع حکمت عملی تشکیل دے کشمیریوں نے لازوال اور تاریخ ساز قربانیاں پیش کیں ہیں آزادی سے کم کوئی حل قبول نہیں کریں گے ،انہوں نے کہاکہ کشمیری 71سال سے اپنے پیدائشی حق حق خودارادیت کے لیے جدوجہد کررہے ہیں جس کا وعدہ عالمی برادری نے کر رکھا ہے ،کشمیریوں کی جدوجہد آزادی کو دہشت گردی سے ہر گز نہیں جوڑا جاسکتا اقوام عالم کو بیدار ہونا ہو گا اور کشمیری آزادی حاصل کر کے رہیں گے ۔