نئے پاکستان کی تعمیر کی جدوجہد میں کسی کو رکاوٹ نہیں ڈالنے دیں گے

24

لاہور(این این آئی ) وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے کہا ہے کہ تحریک انصاف کی حکومت عوام کے اعتماد کو کبھی ٹھیس نہیں پہنچنے دے گی،عواام کے مسائل ان کی دہلیز پر حل کرنے کیلیے نیا بلدیاتی نظام ممددومعاون ثابت ہوگااوراپنے مسائل کے حل کیلیے عوام کو اہل اقتدار کے ایوانوں کے چکر لگانے کی ضرورت نہیں ہو گی۔ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ یہی وہ تبدیلی ہے جس کیلیے عوام نے تحریک انصا ف کو ووٹ کی طاقت سے اقتدار میں پہنچایا ہے،ہم سب عوام کو جواب دہ ہیں،عوامی مسائل کے حل میں غیر ضروری تاخیر، غفلت یا کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی-عثمان بزدار نے کہا کہ عوام کو اچھی خدمات کی فراہمی ہر صورت یقینی بنائی جائے گی،یہ وقت محنت کر کے عوام کو ڈلیور کرنے کا ہے،پولیس اور انتظامیہ کو مشترکہ اور مربوط کاوشو ں سے گورننس کو بہتر بناناہے،عام آدمی کیلیے آسانیاں پیدا کرنے کیلیے انفرادیت اور جدت کے ساتھ کام کیا جائے گا، عوامی خدمت کے مشن میں کسی کو مداخلت کی اجازت نہیں دی جائے گی۔ انہوں نے مزید کہا کہ سابق حکمرانوں کی نااہلی اور غلط پالیسیوں کے باعث ملک کنگال ہوا،ماضی میں زبانی جمع خرچ سے کام چلایاگیا،کھوکھلے نعروں کا دور گزرچکا ہے۔عثمان بزدار نے کہا کہ عوام کو ریلیف دینے کیلیے عملی اقدامات کررہے ہیں،عوام کی خوشحالی اور ملک کی ترقی سے زیادہ کوئی چیز مقدم نہیں،ہر وقت عوامی مسائل کے حل کیلیے کوشاں ہیں،ہر لمحہ عوام کو بہتر مستقبل دینے کیلیے وقف ہے اورعوام کے اعتماد پر پورا اتریں گے۔ انہوں نے کہا کہ نئے پاکستان کی تعمیر کی جدوجہد میں کسی کو رکاوٹ نہیں ڈالنے دیں گے،عوام جلد مثبت تبدیلی کو محسوس کریں گے۔