طوفان کا خدشہ ،بدین میں ایمرجنسی نافذ عملے کی چھٹیاں منسوخ

46

بدین (نمائندہ جسارت)مون سون کا موسم شروع ہو چکا ہے اور اس وقت عربی سمندر میں بننے والے طوفان کے باعث سب ہی افسران اور دیگر اسٹاف کی چھٹیاں منسوخ کر دی گئی ہیں افسران کو چاہیے کہ وہ ضلع ہیڈ کواٹر میں موجود رہیں ایمرجنسی کی صورت میں ڈپٹی کمشنر آفس اور اسسٹنٹ کمشنرز کی آفس میں قائم کیے جانے والے کنٹرول رومز سے رابطے میں رہیں کوئی بھی افسر بغیر بتائے ہیڈ کوارٹر سے باہر گیا تو اس کے خلاف کارروائی کی جائے گی۔ ان خیالات کا اظہار ڈپٹی کمشنر بدین ڈاکٹر حفیظ احمد سیال نے کمیٹی روم میں مون سون کی بارشوں کے پیش نظرمنعقد کیے جانے والے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔انہوں نے میونسپل کمیٹیز، ٹائون کمیٹیز،محکمہ لائیواسٹاک کے اسسٹنٹ ڈائریکٹر، ڈپٹی ڈائریکٹر سوشل ویلفیئر،ای ڈی او ڈرینج اور محکمہ ہیلتھ کے افسران کو ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ واٹرسپلائی کے تالابوں کی صفائی اور مرمت کر کے لوگوں کو صاف پانی فراہم کیا جائے گٹرنالوں کی صفائی کا کام بھی جلد مکمل کیا جائے تاکہ بارشوں کا پانی سڑکوں اور گلیوں میں جمع نہ ہو انہوں نے کہا کہ ایل بی او ڈی سیم نالے کے ساتھ جو بھی چھوٹے بڑے سیم نالوں کے پشتے کمزور ہیں ان کی مرمت کروائی جائے۔ ڈی سی بدین نے مزید کہا کہ اسپتالوں اور ہیلتھ سینٹرز میں ادویات جس میں خاص طور پر سانپ کے ڈسنے کی ویکسین کے ساتھ اسٹاف کو 24 گھنٹے موجود رہنے کا پابند کریں انہوں نے کہا کہ ایمرجنسی کی صورت میں مویشیوں کے چارے اور ویکسین کا پہلے سے بندوبست کیا جائے این جی اوز کے نمائندوں کو ہدایت دیتے ہوئے ڈاکٹر حفیظ احمد سیال نے کہا کہ وہ اپنے رضاکاروں کو ٹریننگ دیں تاکہ ایمرجنسی کی صورت میں لوگوں کی مدد کی جا سکے اور انہیں محفوظ مقامات پر منتقل کیا جاسکے انہوں نے محکمہ ایجوکیشن کے افسران کو ہدایت کی کہ ساحلی علاقوں میں جو اسکولز ہیں ان کی لسٹ وہ ڈی سی آفس میں قائم کنٹرول روم میں جمع کروائیں اجلاس میں ڈی او پلاننگ ڈاکٹر علی نواز بھوت، ڈسٹرکٹ انفارمیشن آفسر کینجھر میمن، اسسٹنٹ ڈائریکٹر لائیو اسٹاک ڈاکٹر کیول رام، ڈپٹی ڈائریکٹر سوشل ویلفیئر غفار کھوسہ پانچوں تحاصیل کے اسسٹنٹ کمشنر اور مختلف محکموں کے افسران این جی اوز کے نمائندگان نے شرکت کی ہیں ۔