حکومت بجٹ میں عام آدمی کی زندگی کو مزید مشکل بنا رہی ہے

46

لاہور (نمائندہ جسارت) پاکستان پیپلز پارٹی لاہور کے صدر حاجی عزیز الرحمن چن نے کہا ہے کہ حکومت آنے والے بجٹ میں عام آدمی کی زندگی کو مزید مشکلات سے دوچار کرنے کا منصوبہ بنا رہی ہے ، اپوزیشن جماعتیں حکومت کے خلاف متحد نہ ہوئیں تو حکومت عام آدمی کا جینا محال کر دے گی۔ یہاں سے جاری ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ حکومت ملک کو بحرانوں اور عدم استحکام سے دوچار کر رہی ہے نا اہل حکومت عوام کی برداشت سے باہر ہو گئی ہے اس کو جلد گھر کا رستہ دکھانا وقت کی اہم ضرورت ہے عام آدمی کی زندگی میں مشکلات کو پیدا کرنا سوچی سمجھی منصوبہ بندی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ آئی ایم ایف سے قرضوں کے حصول کی شرائط عوام کے سامنے آنا شروع ہوگئی ہے موجودہ حکومت نے پاکستان کو آئی ایم ایف کے ہاتھوں یرغمال بنا دیا ہے نااہلوں اور بد دیانت لوگوں کا ٹولہ پاکستان پر مسلط ہے ان کے پاس ملک کو چلانے اور عوام کے مسائل حل کرنے کی صلاحیت نہیں ہے حادثاتی طور پر وزیراعظم بننے والے عمران خان اب لوگوں سے منہ چھپاتے پھر رہے ہیں ادھر ادھر سے لوگوں کو اکٹھا کر کے بننے والی تحریک انصاف کی حکومت کے دن گنے جاچکے ہیں پاکستان پیپلز پارٹی عوام کے مسائل کے لیے بھرپور احتجاج کے لیے تیار ہے جس سے حکومتی حلقوں میں ایک اضطراب پایا جاتا ہے۔