ملک کو قرضوں سے نجات کے لیے انتہائی اقدام کرنا ہوگا، دیدار جتوئی

24

سکھر (نمائندہ جسارت) پاکستان تحریک انصاف ملک کو مشکل حالات سے باہر نکالنے کے لیے دن رات کوشش میں مصروف ہے۔ پہلے حکمرانوں نے ملک کو مقروض کردیا تھا، ملک کا بچہ بچہ مقروض ہے۔ ایسے ماحول سے نکلنا اور ملک کو اپنے پائوں پر کھڑا کرنے میں کچھ وقت لگے گا۔ امید ہے کہ عمران خان کی بہترین قائدانہ صلاحیتوں کے ذریعے ملک سے غربت، بے روزگاری، بھوک اور بدحالی کا خاتمہ ہوگا اور ملک قرضوں سے بھی آزاد ہوکر اپنے پائوں پر کھڑا ہوگا۔ ان خیالات کا اظہار پاکستان تحریک انصاف سندھ کے رہنما حاجی دیدار علی جتوئی اور سکھر کے رہنما مبین احمد جتوئی کی طرف سے عید ملن پارٹی سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ عید ملن پارٹی میں سکھر، روہڑی، پنو عاقل، صالح پٹ، کندھرا سمیت گھوٹکی، شکارپور اور خیرپور سمیت دوسرے علاقوں سے پی ٹی آئی کے معزز رہنمائوں اور کارکنان نے شرکت کی۔ اس موقع پر عید ملن تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مبین احمد جتوئی نے کہا کہ ہم عوام کے خدمتگار ہیں، بلا کسی فرق کے عوامی خدمت جاری رہے گی۔ ملک قرضوں میں اتنا ڈوبا ہوا ہے کہ مجبور ہوکر وزیر اعظم عمران خان کو ملک کے لیے انتہائی سخت قدم نہ اٹھانا پڑے۔ ملک کی معیشت کو مضبوط کرنا اور قرضوں سے نجات کے لیے عمران خان اپنی صلاحیتوں کا استعمال کررہے ہیں۔