شکارپور، بروہی برادری کے دو گروہوں  میں جھگڑا، پولیس اہلکار سمیت 20 زخمی

15

شکارپور (نمائندہ جسارت) شکارپور کے قریب خانپور میں بروہی برادری کے دو گروہوں میں راستے سے گزرنے کی بات پر جھگڑا، عورتوں اور اے ایس آئی سمیت 20 افراد زخمی۔ خانپور کے گاؤں کنڈو بروہی میں بروہی برادری کے دو گروہوں میں گزرنے کی بات پر جھگڑا ہوا، جس کے نتیجے میں عورتوں اور مردوں سمیت 12 افراد زخمی ہوئے، زخمیوں کو خانپور اسپتال لایا گیا تو اس موقع پر دونوں گروہوں میں دوبارہ جھگڑا ہوا، جھگڑے کے نتیجے میں فریقین کے مرد اور عورتوں سمیت 20 افراد زخمی ہوئے، 5 افراد کو تشویشناک حالت میں شکارپور اسپتال ریفر کیا گیا، جھگڑے کو روکنے کے لیے اسپتال انتظامیہ نے پولیس طلب کرلی۔ پولیس نے بیچ بچاؤ کی کوشش کی تو اے ایس آئی دلشاد ابڑو لاٹھیاں لگنے کی وجہ سے معمولی زخمی ہوگیا۔ ایس ایچ او خانپور مظہر علی نے کہا کہ 8 افراد کو گرفتار کر کے تھانے منتقل کردیا۔