پاکستان کو نقصان پہنچانے والے ضرور انجام کو پہنچیں گے ،صاحبزادہ ابو الخیر

30

حیدرآباد(اسٹاف رپورٹر)جمعیت علما پاکستان و ملی یکجہتی کونسل کے صدر ڈاکٹر صاحبزادہ ابوالخیر محمد زبیر نے لندن سے لیکر اسلام آباد تک بڑی بڑی گرفتاریوں اور ججوں کے خلاف ریفرنسز پر اپنی پارٹی کا مؤقف بیان کرتے ہوئے کہا ہے کہ جس جس نے پاکستان اور اس کے قیام کے بنیادی مقصد نفاذ اسلام کو نقصان پہنچایا ہے وہ سب ضرور انجام کو پہنچیں گے اور رب کی پکڑ سے نہیں بچ سکیں گے۔ انہوں نے کہا کہ کاش ملک میں اگر بلا امتیاز احتساب ہوتا اور بغیر کسی تفریق کے اپنوں اور بیگانوں سب پر قانون کا یکساں نفاذ ہوتا تو آج ملک سے بیوفائی کرنے والوں کی حمایت میں نہ کوئی احتجاج کرتا اور نہ ان کے حق میں ملک کے کسی گوشہ سے کوئی آواز اٹھتی اور نہ کسی فریق کوکوئی اعتراض کا موقع ملتا۔ انہوں نے سوال کیا کہ کیاپوری عدلیہ ،اسٹیبلشمنٹ اور حکومتی عہدوں پر براجمان سیاستدانوں میں صرف چند لوگوں کے سوا سب فرشتہ ہیں ؟کیا باقی لوگوں پر کوئی کرپشن ،ملک اور اسلامی احکامات کے خلاف کام کرنے کے کوئی الزامات نہیں جواب تک ان کے خلاف کوئی کارروائی نہیں کی گئی ؟وزیر اعظم نبی کریم ﷺ کا ارشاد بار بار دھراتے ہیں کہ وہ قومیں تباہ ہوگئی جہاں طاقتور اور بڑوں کیلئے علیحدہ علیحدہ قانون تھے میں وزیر اعظم سے کہتا ہوں کہ آپ کی حکومت میں بعض طاقتوروں کا احتساب تو بہت دور کی بات رہی ان سے کوئی سوال کرنے کی جرأت کرسکتا ہے ایسی صورت میں حضور ﷺ کے ارشاد مبارک کے مطابق کیا پاکستانی قوم کامیابی سے ہمکنار ہوگی یا تباہی سے دوچار ہوگی ؟ اگر آپ کامیابی چاہتے ہیں تو طاقتور اور کمزور کیلئے یکساں قانون پر عملدرآمد کرائیں کامیابی آپ کے قدم چومے گی ۔