ایم ڈی واسا اپنی ذمے داری پوری کرنے میں ناکام نظر آتے ہیں

65

حیدرآباد(اسٹاف رپورٹر)یونین کمیٹی 84 لطیف آباد کے چیئرمین ڈاکٹر محفوظ گدی واراکین نے اپنے مشترکہ بیان میں حالی روڈ کے مختلف علاقوں میں پینے کے پانی کی قلت اور آلودہ پانی کی فراہمی پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ ایم ڈی واسا اپنی ذمے داری پوری کرنے میں مکمل طور پر ناکام نظر آتے ہیں شدید گرمی میں عوام کو پینے کا پانی میسر نہیں ہے اور جہاں تھوڑا بہت پانی آتا ہے تو و ہ بھی اتنا بد بودار اور آلودہ ہو تا ہے کہ انسان تو کیا جانور بھی اسے نہیں پی سکتے، انہوں نے کہاکہ متعدد بار واسا انتظامیہ کو شکایت کرچکے ہیں لیکن واسا انتظامیہ پانی کی قلت اور آلودہ پانی کی فراہمی پر قابو پانے میں مکمل طور پر قاصر ہے اور ایسا ظاہر ہو رہاہے کہ واسا انتظامیہ نے جان بوجھ کر غریب لوگوں کو ٹینکر مافیا کے رحم و کرم پر چھوڑ دیا ہے انہوں نے ایم ڈی واسا سے مطالبہ کیا کہ نصرت کالونی ،امریکن کوارٹرز سمیت متعلقہ علاقوں میں پینے کے صاف پانی کے سلسلے میں شکایات کا فوری نوٹس لیں اور بلا تعطل پانی کی فراہمی کو یقینی بنا یا جائے ۔