جیکب آباد، زمینی تنازع پر جھگڑا، پولیس اہلکار  نے سرکاری اسلحہ سے ایک شخص کو قتل کردیا

32

جیکب آباد (نمائندہ جسارت) پلاٹ کے تنازع پر جھگڑا، پولیس اہلکار نے سرکاری اسلحہ سے فائرنگ کرکے ایک شخص کو قتل کردیا، موقع واردات سے فرار، مقتو ل کے ورثاء کا لاش کے ہمراہ احتجاج، روڈ بلاک، ٹائر نذر آتش، کشیدگی میں اضافے پر چار گھر جلا دیے گئے۔ جیکب آباد کی تحصیل گڑہی خیرو کے تھانہ تاجو دیرو کے قصبہ حشمت آباد میں پلاٹ کے معاملے پر جھگڑے کے دوران پولیس اہلکار نے سرکاری جی تھری سے فائرنگ کرکے عبدالفتاح ببر کو قتل کردیا اور فرار ہوگیا۔ واقعہ کیخلاف مقتول کے ورثا نے لاش سمیت دودا پور روڈ پر احتجاج کرکے دھرنا دیا، جس کے باعث روڈ بلاک اور ٹریفک معطل ہوگئی۔ مظاہرین نے ٹائر جلائے اور سخت نعرے بازی کی۔ بعد ازاں ببر برادری کے مشتعل افراد نے قصبہ دلمراد جکھرانی میں چار گھروں کو آگ لگا دی۔ واقعہ کے بعد کشیدگی میں اضافہ ہوگیا۔ تاحال واقعہ کا مقدمہ درج نہیں ہوسکا تھا اور نہ ہی کوئی گرفتاری عمل میں آئی تھی۔