سابق صدر زرداری کی گرفتاری کی مذمت کرتے ہیں،قاضی محمد بشیر

58

کراچی (پ ر) پاکستان پیپلز پارٹی لائرز فورم کراچی ڈویژن کا ہنگامی اجلاس کراچی کے صدر قاضی محمد بشیر کی زیر صدارت کراچی بار ایسوسی ایشن کے کمیٹی روم میں منعقد ہوا، جس میں پیپلز لائرز فورم سندھ کے جنرل سیکرٹری ارشد حسین نقوی اور کراچی ڈویژن کے جنرل سیکرٹری شرف الدین ایڈووکیٹ جمالی، سیکرٹری اطلاعات راحت فضل چودھری اور ضلعی صدور محمد شاہ و دیگر وکلا نے شرکت کی۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے قاضی محمد بشیر نے کہا کہ ہم سابق صدر آصف علی زرداری کی گرفتاری کی پُرزور مذمت کرتے ہیں اور مطالبہ کرتے ہیں کہ ان کے خلاف بنائے گئے جھوٹے مقدمات کو ختم کر کے ان کو رہا کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ لگتا ہے کہ حکومت اوچھے ہتھکنڈوں پر اتر آئی ہے اور ہماری پارٹی قیادت پر کرپشن کے جھوٹے الزامات لگا کر نیب کے ذریعے جھوٹے مقدمات بنائے جا رہے ہیں۔ انہو ں نے کہا کہ پیپلز پارٹی عوامی جماعت ہے اور اس کی جڑیں عوام میں مضبوط ہیں۔ اس طرح کے جھوٹے مقدمات سے ہماری قیادت کو ڈرایا نہیں جا سکتا۔ پیپلز لائرز فورم سندھ کے جنرل سیکرٹری ارشد حسین نقوی نے کہا کہ ماضی میں بھی ہماری قیادت نے جھوٹے مقدمات کا سامنا کیا، اب بھی ہر قسم کے جھوٹے مقدمات کا سامنا کرنے کو تیار ہیں۔ پیپلز لائرز فورم کراچی ڈویژن کے جنرل سیکرٹری شرف الدین جمالی نے کہا کہ پیپلز لائرز ہر سطح پر پارٹی قیادت ہر سطح پر پارٹی قیادت کے ساتھ ہے اور ہمارے وکلا ہر اول دستے کا کردار ادا کریں گے ۔