گرفتاریوںکی ٹائمنگ انتہائی اہم ہے،جسٹس(ر) وجیہ الدین

41

کراچی (پ ر) آصف زرداری کی گرفتاری تو ہونی تھی، لیکن اس کی ٹائمنگ بہت اہم ہے۔ یہی کچھ حمزہ کے سلسلے میں کہا جاسکتا ہے۔ دونوں کو بجٹ پیشی سے پہلے گرفتار کیے جانے سے یہ تاثر ملتا ہے کہ بجٹ کے بعد پیدا ہونے والی صورتحال سے بچنے کے لیے یہ وقت چناگیا۔ ان خیالات کا اظہار عام لوگ اتحاد کے چیئرمین جسٹس (ر) وجیہ الدین نے اپنے ایک بیان میں کیا۔ انہوں نے کہا کہ ذیلی سوال بنتا ہے کہ کیا ان عدالتی احکامات کا حکومت کو پہلے سے علم تھا۔ اگر ایسا تھا تو ہماری عدلیہ کو خود اپنی صفوں میں جھانکنے کی ضرورت ہوگی۔ وجیہ الدین نے کہا کہ زرداری اور حمزہ چاہے جیل میںہوں یاگھرمیں ان کی آسائشوں میں کوئی فرق آنے والا نہیں،انہوں نے کہا کہ ان اصحاب پر سنگین نوعیت کے الزامات ہیں اور اس سلسلے میں سب سے اہم چیز شفاف عدالتی کارروائی ہے، جو سست روی کا شکار نہیں ہونی چاہیے۔ ہم ایک نازک دور سے گزر رہے ہیں ، موجودہ معاشی مسائل کے پس منظر میں، ایسے افراد جن پر مالی اور معاشی نقصانات پہنچانے کا الزام ہو انہیں جائز طور پر نشان عبرت بنانے میں تساہل قابل قبول نہیں۔