سیاسی جماعت کے ارکان اسمبلی پانی کی منصفانہ تقسیم میںرکاوٹ ہیں،واٹربورڈ

31

کراچی (اسٹاف رپورٹر) وزیر بلدیات سندھ و چیئرمین کراچی واٹر اینڈ سیوریج بورڈسعید غنی نے کہا ہے کہ کراچی کے تمام اضلاع میں منصفانہ طور پر پانی کی تقسیم کے نظام کو مزید بہتر بنایا جائے اور عوامی شکایات کا فوری ازالہ کیا جائے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے منگل کے روز اپنے دفتر میں واٹر بورڈ کے اعلیٰ سطح کے اجلاس کی صدار ت کرتے ہوئے کیا۔ اجلاس میں ایم ڈی واٹر بورڈ اسد اللہ خان، تمام چیف انجینئرز، سپرنٹنڈنگ انجینئرز،ایگزیکٹیوانجینئر ز اور دیگر اعلیٰ افسران نے شرکت کی۔ صوبائی وزیر نے افسران پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ کم و بیش تمام علاقوں سے پانی کے حوالے سے شکایات بڑھتی جارہی ہیں لیکن ان شکایتوں کے ازالے کے لیے کسی قسم کے کوئی اقدامات عوام کو نظر نہیں آرہے ہیں اسی لیے عوام احتجاج پر مجبور ہورہے ہیں۔ اس موقع پر ایم ڈی واٹر بورڈ اور دیگر افسران نے پانی کی منصفانہ تقسیم اور فراہمی میں درپیش مسائل بالخصوص پمپنگ اسٹیشنوں پر ایک سیاسی جماعت کی جانب سے احتجاج اور وہاں عملے کو یرغمال بنانے اور وہاں اپنی مرضی سے نظام کو چلانے کے لیے دباؤ سمیت دیگر سے صوبائی وزیر کو آگاہ کیا۔ صوبائی وزیر کو بتایا گیا کہ ایک سیاسی جماعت کے ایم پی ایز واٹر بورڈ کے جاری کردہ شیڈول کے برعکس اپنا ترسیلی نظام پمپنگ اسٹیشنوں پر چلانے لیے دباؤ ڈالتے ہیں اور یہی وجہ ہے کہ شہر میں متعدد پمپنگ اسٹیشنوں سے شیڈول کے مطابق پانی کی ترسیل نہیں ہوتی اور شکایات میں اضافہ ہوا ہے۔اس پر وزیر بلدیات سندھ سعید غنی نے ایم ڈی واٹربورڈ کو ہدایات دی کہ وہ پمپنگ اسٹیشن جو حساس ہیں یا جہاں سے واٹر بورڈ کے عملے کو مشکلات کا سامنا ہے ان کی فہرست فوری طور پر مرتب کرکے انہیں دیں تاکہ وہ اس سلسلے میں محکمہ داخلہ سے ان پمپنگ اسٹیشنوں کی سیکورٹی اور وہاں پولیس اور رینجرز کی موجودگی کو یقینی بنانے کے لیے اقدامات کریں۔ انہوں نے واٹر بورڈ کے افسران کو ہدایات دی کہ وہ ایمانداری سے کام کریں اور کسی بھی دباؤ کا شکار نہ ہوں اور جہاں انہیں کسی سیاسی دباؤ کا سامنا کرنا پڑے اس کی فوری شکایت انہیں دیں تاکہ ان کا سدباب کیا جاسکے۔ صوبائی وزیر نے کہا کہ ہم پانی پر سیاست کرنے پر یقین نہیں رکھتے اور ہم چاہتے ہیں کہ کراچی کے تمام اضلاع میں پانی کی منصفانہ تقسیم کو یقینی بنایا جاسکے۔انہوں نے کہا کہ آئندہ جن جن علاقوں سے عوامی شکایات کا ازالہ نہ ہونے کی شکایات ملی، اس علاقے کے چیف انجینئر، ایکس ای این اور متعلقہ والو مین کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی اور اب کسی کوتاہی کو برداشت نہیں کیا جائے گا۔ شہر بھر میں تمام حساس پمپنگ اسٹیشنوں کی فوری فہرست مرتب کی جائے تاکہ ان پر پولیس اور رینجرز کی مدد سے سیکورٹی کے انتظامات کو یقینی بنایا جاسکے۔ آر او پلانٹس کی استعدادکو بڑھایا جائے اور جو آر او پلانٹس بند ہیں ان کو جلد سے جلد شروع کرنے کے لیے ہنگامی بنیادوں پر اقدامات کیے جائیں۔