بانی متحدہ کی گرفتاری کے بعد سیکورٹی کے فول پروف انتظامات کی ہدایت

42

کراچی (اسٹاف رپورٹر ) لندن میں متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم)کے بانی کو گرفتار کیے جانے کے بعد شہر کے تمام علاقوں میں سیکورٹی انتظامات فول پروف کرنے کی ہدایات جاری کردی گئیں۔تفصیلات کے مطابق ایڈیشنل انسپکٹر جنرل ڈاکٹرامیر شیخ نے کراچی کے تمام اضلاع میں ایس ایس پیز کو احکامات دیتے ہوئے تمام علاقوں میں سیکورٹی انتظامات فول پروف کرنے کی ہدایت کی ہے۔ایڈیشنل آئی جی کا کہنا ہے کہ ایس ایس پیز اور ایس ایچ اوز اپنی حدود میں پیٹرولنگ پر نکلیں۔انہوں نے قانون کی خلاف ورزی پر پولیس کو ایکشن کی ہدایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ کراچی کا امن خراب کرنے کی کسی کو اجازت نہیں۔خیال رہے کہ اسکاٹ لینڈ یارڈ نے لندن ایم کیو ایم کے بانی کو گرفتار کرلیا ہے، اسکاٹ لینڈ یارڈ نے آج صبح 8 بجے ان کے گھر پر چھاپہ مار کر انہیں حراست میں لیا۔ذرائع کے مطابق گرفتاری کے بعد بانی ایم کیو ایم مقامی پولیس اسٹیشن میں موجود ہیں، ان کی گرفتاری ممکنہ طور پر 2016 کی نفرت انگیز تقریر پر کی گئی ہے۔ نفرت پھیلانے کے جرم میں انہیں 6 ماہ سے 3 سال تک کی سزا ہو سکتی ہے۔