لندن: الطاف حسین گرفتار۔ کراچی میں سیکورٹی ہائی الرٹ

45

 

لندن(آن لائن ) اسکاٹ لینڈ یارڈ نے ایم کیو ایم کے بانی الطاف حسین کو نفرت انگیز تقاریر کے الزام میں لندن میں گرفتار کرلیا۔ میڈیارپورٹس کے مطابق اسکاٹ لینڈ یارڈ نے صبح سویرے بانی ایم کیو ایم کے گھر پر چھاپا مارا اور انہیں گرفتار کر کے مقامی پولیس اسٹیشن منتقل کر دیا۔ میٹرو پولیٹن پولیس نے اپنے بیان میں بتایا کہ گرفتار شخص کا تعلق پاکستان کی سیاسی جماعت متحدہ قومی موومنٹ سے ہے اور اس کی عمر 60 سال سے زائد ہے۔ اسکاٹ لینڈ یارڈ کے شمالی لندن میں چھاپے
میں 15 پولیس افسران نے حصہ لیا اور الطاف حسین کے گھر کی تلاشی لی۔ اسکاٹ لینڈ یارڈ کی ٹیم ایم کیو ایم سیکرٹریٹ بھی پہنچ گئی اور وہاں موجود ریکارڈ کی چھان بین شروع کردی۔ یاد رہے کہ الطاف حسین نے 22 اگست 2016 ء کو لندن سے بذریعہ ٹیلیفون خطاب کے دوران ریاست مخالف تقریر کی تھی جس کی تحقیقات کے لیے اسکاٹ لینڈ یارڈ کی ٹیم پاکستان بھی آئی تھی۔ بانی ایم کیو ایم کی تقریر کے خلاف مختلف مقدمات عدالتوں میں زیرسماعت ہیں جس میں فاروق ستار سمیت دیگر کئی رہنما نامزد ہیں۔ دریں اثنا وفاقی وزیر داخلہ اعجاز شاہ نے بانی ایم کیو ایم کی گرفتاری پر صحافیوں سے غیر رسمی گفتگو کے دوران کہا کہ الطاف حسین کو برطانوی اداروں نے گرفتار کیا ہے، انہیں خود تفتیش کرنے دیں۔ اعجاز شاہ نے کہا کہ بانی ایم کیو ایم لندن میں گرفتار ہوئے، ہمارا اس سے کیا تعلق، وہ برطانوی شہری ہیں، کس نے کہاکہ وہ پاکستانی ہیں۔ انہوں نے صحافیوں کو مشورہ دیا کہ الطاف حسین سے متعلق مزید معلومات کے لیے اسکاٹ لینڈ یارڈ سے رابطہ کریں۔ وفاقی وزیر داخلہ کا مزید کہنا تھا کہ بانی ایم کیو ایم کی حوالگی کے لیے انٹرپول سے رابطہ کرنے کا فی الحال کوئی ارادہ نہیں ہے۔ دوسری جانب ذرائع کے حوالے سے رپورٹس کے مطابق الطاف حسین کی لندن میں گرفتاری 3 سال پہلے پاکستان کے فائل کردہ کیس پر ہوئی۔ ذرائع کے مطابق حکومت پاکستان بھی 3 سال سے تحقیقات کر رہی تھی، کیس میں ایم کیو ایم پاکستان، ایم کیو ایم لندن کے بھی4 لوگ نامزد تھے اور مجموعی طور پر 11 لوگوں کے ا نٹرویوز کیے گئے۔ذرائع کاکہنا ہے کہ تمام شواہد حکومت پاکستان پہلے ہی برطانوی حکومت سے شیئر کرچکی ہے۔ذرائع کا کہنا ہے کہ بانی ایم کیو ایم الطاف حسین کی گرفتاری سے متعلق پاکستان کو باقاعدہ آگاہ کردیا گیا ہے ۔واضح رہے کہ الطاف حسین پاکستان میں قتل و غارت، دہشت گردی اور منی لانڈرنگ کے متعدد مقدمات میں مطلوب اور اشتہاری ہیں۔ دوسری جانب کراچی میں کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے نمٹنے کے لیے شہر بھر میں سیکورٹی ہائی الرٹ کی گئی جگہ جگہ رینجرز اور پولیس نے ناکے لگا کر تلاشی لی ، پاک کالونی ، لیاقت آباد ، عزیز آباد اور دیگر مقامات پر سخت تلاشی کا عمل جاری رہا ۔
الطاف حسین گرفتار