مالی وسائل پیدا کرنے پر خصوصی توجہ دے رہے ہیں‘محمود خان

94

پشاور(آن لائن) وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا محمود خان نے کہا ہے کہ صوبائی حکومت مالی وسائل پیدا کرنے پرخصوصی توجہ دے رہی ہے اور اس مقصد کے حصول کے لئے آئندہ مالی سال کے ترقیاتی پروگرام میں پیداواری شعبوں کو ترجیح دی جائیگی تاکہ صوبے کی مالی بنیاد کو مضبوط کیا جا سکے۔ ترقیاتی پروگرام کے تحت نئے ضم شدہ اضلاع کی ترقی اور خوشحالی پر خطیر وسائل خرچ کیے جائیں گے۔ صوبے کے بجٹ برائے مالی سال 2019-20ء کے حوالے سے جاری بیان میں وزیراعلیٰ نے کہا کہ آئندہ بجٹ حقیقی معنوں میں معیشت دوست ہو گا۔ صوبائی حکومت کی پالیسی کے مطابق صوبے میں جاری ترقیاتی اسکیموں خصوصاً تکمیل
کے قریب میگا منصوبوں کی تکمیل ترجیح رہے گی۔ صوبے کی مالی ضروریات کو مدنظر رکھتے ہوئے پیداواری شعبوں پر خصوصی توجہ دی جائیگی تاکہ زیادہ سے زیادہ مالی وسائل پیدا کیے جاسکیں۔ انہوں نے کہا کہ صوبے کے سیاحت ، معدنیات، توانائی اور دیگر پیداواری شعبوںمیں خاطر خواہ استعداد موجود ہے، صوبائی حکومت ان شعبوں کو اٹھانے کی منصوبہ بندی کر چکی ہے جس پر عمل درآمد سے صوبے کے وسائل میں اضافہ ہو گا۔ انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کی صوبائی حکومت کی کوشش ہے کہ عوامی فلاح کے بڑے منصوبوں کو تیز رفتاری سے مکمل کیے جائیں اورسیاسی مفادات سے بالاترہو کر عوامی خدمت کی جائے۔ انہوں نے واضح کیا کہ آئندہ بجٹ حقیقی معنوں میں عوامی ضروریات اور خواہشات کا آئینہ دار ہو گا کیونکہ عوام کو سہولیات کی فراہمی اور عوام کی مشکلات کا ازالہ حکومتی کوششوں کا مرکز اور محور ہے۔
محمود خان