وزیراعظم بیوی بچوں اور بہنوں کے اثاثے کب ظاہر کریں گے،مسلم لیگ ن

97

اسلام آباد (آن لائن) مسلم لیگ (ن) کی ترجمان مریم اورنگزیب نے وزیراعظم عمران خان کے قوم کے نام پیغام پر اپنے ردعمل میں کہا ہے کہ عمران صاحب آپ کو جب بھی بڑے جھوٹ کا ریکارڈ بنانا ہوتا ہے تو آپ ریکارڈ کرا کر پیغام دیتے ہیں‘ عمران خان کو تو اب جھوٹ بولنے کی مہارت ہے‘ پارلیمنٹ میں آ کر لائیو جھوٹ بولا کریں‘ وہ پارلیمنٹ آنے سے اس لیے ڈرتے ہیں کیونکہ انہوں نے ووٹ چوری کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ عمران صاحب نے پھر یہ نہیں بتایا کہ 10 ماہ میں آپ نے 30 ہزار ارب قرضہ لیا اور ایک اینٹ نہیں لگائی‘ مسلم لیگ ن نے قرضہ لیا جو ہر ملک لیتا ہے‘ عمران صاحب یہ بھی بتانا تھا کہ مسلم لیگ (ن) نے قرضہ لیا ملک کو 11 ہزار میگاواٹ بجلی دی‘ مسلم لیگ (ن) نے10 ہزار کلو میٹر کی موٹر ویز اور سڑکوں کا جال دیا‘ دہشت گردی ختم کی اور صحت و تعلیم کے پروجیکٹ دیے‘کراچی میں امن لے کر آئے‘ ملتان،راولپنڈی اور لاہور میں میٹرو منصوبے بنائے‘کراچی میں گرین لائن کا منصوبہ دیا‘معیشت کو بلندیوں تک پہنچایا جس کی دنیا نے تعریف کی۔ انہوں نے کہا کہ عمران صاحب آپ نے ایک سال پہلے کہا تھا کہ مسلم لیگ (ن) کی ایمنسٹی سے فائدہ اْٹھانے والوں کو جیلوں میں ڈالیں گے‘ آج کل علیمہ باجی کس جیل میں ہیں‘ علیمہ باجی، جہانگیر ترین اور دیگر احباب کو پیغام تھا‘ مزید بے نامی اثاثے حلال کریں۔ مریم اورنگزیب کا کہنا تھا کہ عمران خان کے اپنے اثاثے 1.4 ارب کے اور ٹیکس ایک لاکھ روپیے دیتے ہیں‘ عمران خان آپ بھی اپنی بیوی، بچوں اور بہنوں کے اثاثے ظاہر کریں۔ انہوں نے کہا کہ عمران صاحب عوام سمجھتے ہیں وزیرعظم جھوٹا، نالائق، نااہل اور آپ کے بقول چور ہے‘ آپ نے یہ نہیں بتایا‘ قوم سے کیے گئے وعدوں کا کیا ہوا‘ اُس کا جواب کون دے گا اور یہ بھی نہیں بتایا کہ آئی ایم ایف کا بنایا گیا بجٹ پاکستانی عوام کی جیبیں خالی کرے گا۔