اپوزیشن کی چیخ پکار چور کی ڈاڑھی میں تنکا کے مصداق ہے‘فردوس عاشق

134

اسلام آباد (اے پی پی) وزیراعظم کی معاون خصوصی برائے اطلاعات و نشریات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ پارلیمنٹ میں کھڑے ہو کر جھوٹ بولنا شریف برادران کا شیوا ہے‘ پاکستان کی سب سے بڑی عدالت نے پارلیمنٹ میں بولے گئے جھوٹ پر نواز شریف کو جھوٹا قرار دیا‘ ان کا عمران خان پر انگلی اٹھانا بے معنی ہے‘ وزیراعظم کا بیان جعلی اکاؤنٹس والوں، ٹیکس چوروں اور بے نامی داروں کے لیے تھا‘ 30 جون سے پہلے اپوزیشن کی چیخ و پکار چور کی داڑھی میں تنکا کے مصداق ہے اور اس بات کی غمازی کرتا ہے کہ وزیراعظم کا مؤقف درست ہے۔ پیر کو اپنے بیان میں ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ ابھی تو 30 جون نہیں آیا اور اپوزیشن کی چیخ و پکار ابھی سے شروع ہو گئی ہے‘ نواز شریف اور آصف علی زرداری نے قرضے بیرون ملک جائدادیں بنانے جبکہ عمران خان ان کے لیے گئے قرضوں کی ادائیگی کے لیے قرضے لے رہے ہیں۔ انہوں نے عوام، صنعتکاروں اور تاجروں سے اپیل کی کہ وہ وزیراعظم کے پیغام کا جواب اثاثے ظاہر کرکے دیں اور ٹیکس اصلاحات ایجنڈے کا حصہ بنیں۔ انہوں نے کہا کہ اپوزیشن قائدین اپنے مفرور اور بیرون ملک چھپے ہوئے رہنماؤں، دامادوں اور بچوں کو پاکستان واپس لائیں اور عدالتوں میں پیش کریں۔