وزیراعظم کا قوم سے خطاب ایمنسٹی اسکیم کا اشتہار تھا‘شیری رحمن

59

اسلام آباد(صباح نیوز) پیپلز پارٹی کی رہنما شیری رحمن نے کہا ہے کہ وزیراعظم کا قوم سے خطاب نہیں، ایمنسٹی اسکیم کا اشتہار تھا، وہ چند دن پہلے بھی ایمنسٹی اسکیم پرخطاب فرما چکے ہیں، حکومت بتائے 2ہفتے بعد ایمنسٹی پر خطاب کی کیا ضرورت پڑی ہے۔ان خیالات کااظہار انہوں نے وزیر اعظم کے خطاب پر ردعمل دیتے ہوئے کیا۔انہون نے کہا کہ قوم سے خطاب کرنا ہے تو پارلیمان میں آئیں، پارلیمان کا اجلاس چل رہا ہے لیکن خطاب ٹی وی پر ہو رہے ہیں، جس اسکیم پر پارلیمان کو اعتماد میں نہیں لیا گیا اس پر عوام کیسے اعتماد کرے، قوم کو انتظار تھا وزیراعظم پالیسی کا اعلان کریں گے لیکن وزیراعظم کے خطاب میں سوائے الزام تراشی کے کچھ نہیں۔ان کا کہنا تھا کہ ایسا لگتا ہے گزشتہ ایمنسٹی کی طرح یہ ایمنسٹی بھی ناکام ہو گئی ہے، وزیراعظم بتاتے بجٹ میں عوام کو کتنا ریلیف دیا جائے گا، اس حکومت نے 10 ماہ میںکوئی معاشی ٹارگٹ حاصل نہیں کیا، ایمنسٹی اسکیم سے فائدہ اٹھانے والوں کے نام بتائے جائیں، معیشت چند لوگوں کو فائدہ پہنچانے کے لیے چلائی جا رہی ہے۔