پی ٹی آئی حکومت کا اصل چہرہ چند ماہ میں ہی سامنے آگیا،جماعت اسلامی

65

کراچی(اسٹاف رپورٹر)جماعت اسلامی سندھ کے سیکرٹری اطلاعات مجاہد چنا نے وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی کے اس بیان کہ’’5 سال مل گئے توپاکستان کا بہترچہرہ سامنے لائیں گے‘‘ پرتبصرہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ پی ٹی آئی حکومت نے چند ماہ میں ہی مہنگائی و بے روزگاری کے تمام ریکارڈ توڑدیے ہیں،اپنے تمام تردعوئوں کے برعکس بے تحاشا قرضے لے کر ملک وقوم کو عالمی مالیاتی اداروں کے ہاں گروی رکھ دیا ہے،روپے کی بے قدری اورڈالرکی اڑان نے حکومت کی نااہلی کو عیاں کردیا ہے۔حکومت کی چند ماہ کی کارکردگی میں ملک وقوم کا یہ حال ہے تو پتا نہیں 5 سال میں ملک وقوم کا کیا حشر ہوگا؟۔انہوںنے ایک بیان میں کہا کہ خارجہ پالیسی کا یہ حال ہے کہ بھارتی وزیراعظم آئے روز پاکستان کو دھمکیاںدے رہا ہے جبکہ اوآئی سی کے اجلاس میں کشمیر کا ذکرتک نہیں کیا گیا،بانی پاکستان قائداعظم محمد علی جناحؒ نے کشمیرکو پاکستان کی شہ رگ اورکشمیر کے بغیرپاکستان کو نامکمل قراردیا تھا۔وزیرخارجہ کا بیان عوام کی آنکھوں میں دھول جھونکنے کے مترادف ہے۔پی ٹی آئی قیادت نے مہنگائی،بے روزگاری اورتوانائی بحران کے خاتمے کے دعوے کی طرح قوم کی بیٹی ڈاکٹرعافیہ کی رہائی کے لیے بھی تاحال کچھ پیش رفت نہیں کی۔قوم کی بیٹی آج بھی امریکی قید میںہے ، کمرتوڑمہنگائی ،بے روزگاری اوربجلی بحران نے عوام کی زندگی اجیرن بنادی ہے،بلوچستان اورخیبرپختونخوا کے حالیہ واقعات بھی تشویشناک ہیں۔ حالیہ اقتصادی سروے رپورٹ نے حکومتی دعوئوں کی قلعی کھول کررکھ دی ہے۔مہنگائی بڑھنے اورعوام کی مشکلات میں مزید اضافے کی پیشگوئی کی جارہی ہے ۔انہوں نے زوردیاکہ حکومت قوم سے کیے گئے وعدوں کے مطابق مہنگائی کے جن کوبوتل میں بند اورعام آدمی کا معیار زندگی بہتر بنانے کے لیے اقدامات کرے۔