گرفتاریوں سے جعلی وزیراعظم جوابدہی سے نہیں بچ سکتے‘ مریم نواز

76

لاہور (نمائندہ جسارت) مسلم لیگ (ن) کی نائب صدر مریم نواز نے کہاہے کہ قانون سب کے لیے برابر اور احتساب غیر جانبدارنہ ہوتا تو چور دروازے سے آیا جعلی وزیراعظم اپنا اور اپنی بہن کا حساب دینے کے لیے آج کٹہرے میں ہوتا‘ اپوزیشن کے لیڈران کو چن چن کر گرفتار کرنے سے جعلی وزیراعظم اس جواب سے نہیں بچ سکتا جو اس کو ہر حال میں دینا پڑے گا۔ انہوں نے کہا کہ جعلی وزیراعظم اگر یہ سمجھ رہا ہے کہ ووٹ چرانے، مہنگائی کا طوفان برپا کرنے، معیشت کا ستیاناس کرنے، ادویات، بجلی گیس کے بلوں میں ہو شربا اضافہ کرنے اور عوام کی زندگی جہنم بنانے کا جواب سیاسی مخالفین کی گرفتاریاں ہیں تو باہر نکل کر دیکھو عوام تمہیں کیسے کوس رہے ہیں‘یہ ڈراما اب نہیں چلے گا۔ مریم نواز نے کہا کہ جب اپوزیشن کو جعلی احتساب کی شکار گاہ بنا لیا جائے تو قوم کی نظریں انصاف کا جھنڈا اٹھائے ججوں اور کھرے انصاف کا حلف لینے والی عدلیہ پر جم جاتی ہیں‘جنگل کے قانون اور مہذب ریاست میں یہی فرق ہوتا ہے۔