ترقیاتی بجٹ کیلیے1837ارب روپے کا تخمینہ لگا لیا گیا

62

اسلام آباد (اے پی پی) وفاقی حکومت نے آئندہ مالی سال2019-20ء کے لیے 1837 ارب روپے کے ترقیاتی بجٹ کا تخمینہ لگایا ہے جس میں سالانہ ترقیاتی پروگرام (اے ڈی پی) کے تحت صوبوں کا حصہ 912ارب روپے جبکہ وفاقی ترقیاتی پروگرام (پی ایس ڈی پی) کے تحت 925 ارب روپے مختص کیے جائیں گے‘ پبلک پرائیویٹ شراکت داری کے تحت250 ارب روپے کا تخمینہ لگایا گیا ہے۔ آئندہ مالی سال کے ترقیاتی پروگراموں میں حکومت اعلیٰ تعلیم، پانی کے سیکٹر میں بھاشا اور داسو ڈیم، سی پیک کے تحت منصوبوں میں خصوصی اقتصادی زونز، سوشل اکنامک ڈیولپمنٹ کی ترقی، زراعت کے شعبے کی بہتری سمیت مختلف شعبوں پر خصوصی توجہ دی جائے گی۔ وفاقی حکومت آئندہ مالی سال کے بجٹ میں کم ترقی یافتہ علاقوں کی ترقی کیلیے خصوصی فنڈز فراہم کرے گی۔ توانائی سیکٹر میں جنریشن کی استعداد میں اضافہ، سپلائی ڈیمانڈ کی برابری، ٹرانسمیشن لائنز پر خصوصی توجہ دی جائے گی‘ اعلیٰ تعلیم کے بجٹ کو بھی بڑھایا جائے گا۔