محسن داوڑ علی وزیر کی نااہلی کیلئے الیکشن کمیشن میں درخواست دائر

75

اسلام آباد (آن لائن) خیبر پختونخوا میں ضم قبائلی علاقوں سے منتخب ہونے والے اراکین قومی اسمبلی محسن داوڑ اور علی وزیر کی نااہلی کے لیے الیکشن کمیشن آف پاکستان (ای سی پی) میں درخواست دائر کردی گئی۔ ڈیموکریٹ پارٹی آف پاکستان کے سابق چیئرمین فتح یاب خالد نے وکیل حافظ محمد سفیان کے توسط سے الیکشن کمیشن میں درخواست دائر کی جس میں محسن داوڑ اور علی وزیر کو فریق بنایا گیا ہے۔ درخواست میں موقف اپنایا گیا کہ دونوں رکن قومی اسمبلی ملک دشمن سرگرمیوں میں ملوث ہیں لہٰذا انہیں نااہل قرار دیا جائے۔ درخواست میں موقف اپنایا گیا کہ محسن داوڑ اور علی وزیر کو آئین کے آرٹیکل 62 اور 63 کی بنیاد پر نااہل قرار دیا جائے اور ان دونوں ایم این ایز کو قومی اسمبلی کے اجلاس میں شرکت سے فوری طور پر روکا جائے۔ درخواست میں یہ بھی کہا گیا کہ دونوں اراکین اسمبلی محسن داوڑ اور علی وزیر کی سیاسی سرگرمیوں پر پابندی لگائی جائے۔