ٹیکس ادا نہ کرنے والوں کیخلاف تعزیراتی قانون لانے کا فیصلہ

43

اسلام آباد (آن لائن) حکومت نے ٹیکس ادا نہ کرنے والوںکے لیے تعزیراتی قانون متعارف کرانے کا فیصلہ کیا ہے جس کے تحت سابق ن لیگی حکومت کی فائلرز اور نان فائلرزکی پالیسی کو ختم کرکے بجٹ 2019-20ء میں ٹیکس نیٹ سے باہر رہنے والے افراد پرتعزیراتی قانون کا اطلاق ہوگا۔ میڈیا رپورٹ کے مطابق اس تجویز کا مقصد انکم ٹیکس پیئرزکی تعداد بڑھا کر4 ملین تک پہنچانا ہے تا کہ نئے مالی سال کے لیے متعین کردہ 688 بلین روپے کا اضافی ٹیکس ہدف حاصل کیا جا سکے۔ سالانہ اپنے اثاثے اور آمدنی کے گوشوارے جمع نہ کرنے والے افراد کے خلاف صرف ہائی انکم ٹیکس ریٹس چارج کرنے کے موجودہ اقدامات کے برعکس حکومت نے کیش رکھنے یا بینک ٹرانزیکشن کرنے والے ایسے افراد جو ایکٹو ٹیکس پیئرزکی لسٹ میں شامل نہیں ہیں‘ کے خلاف فی الفور قانونی اقدامات اٹھانے کا فیصلہ کیا ہے، کیونکہ اس وقت ایف بی آرکو سالانہ انکم ٹیکس گوشوارے جمع کرانے والے افراد کی تعداد 2 ملین سے بھی کم ہے۔