ہوا کا کم دباؤ شدت اختیار کرگیا، سمندری طوفان کا خطرہ

92

کراچی (اسٹاف رپورٹر) بحیرہ عرب کے جنوب مشرق میں ہوا کا کم دباؤ سمندری طوفان میں تبدیل ہونے کا خطرہ، ہوا کا کم دباؤ کراچی کے جنوب میں 1500 کلو میٹر دور ہے، ابتدائی طور پر طوفان کی سمت شمال مشرق میں بھارتی ساحلی پٹی ہوگی۔ تفصیلات کے مطابق محکمہ موسمیات نے خبردار کیا ہے کہ بحیرہ عرب جنوب مشرق میں ہوا کا کم دباؤ شدت اختیار کرگیا ہے اور آئندہ 36 گھنٹوں میں ہوا کا کم دباؤ سمندری طوفان میں تبدیل ہونے کا امکان ہے۔ ابتدائی طور پر طوفان کی سمت شمال مشرق میں بھارتی ساحلی پٹی ہوگی۔ محکمہ موسمیات نے تمام صورت حال پر نظر رکھی ہوئی ہے، کسی بھی ممکنہ خطرے سے پہلے آگاہ کر دیا جائے گا۔ ممکنہ طوفان سے بچنے کیلیے محکمہ موسمیات نے ماہی گیروں کو گہرے سمندر میں نہ جانے کی ہدایت کی ہے اور ممکنہ طوفان پر متعلقہ اداروں کو بھی ہائی الرٹ رہنے کا کہا گیا ہے۔ دوسری جانب شہر قائد میں گرمی کی شدت برقرار ہے، کراچی میں پیر کو بھی زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 37 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا، ہوا میں نمی کا تناسب 62 فیصد جبکہ ہوا 14 کلو میٹر کی رفتار سے چلتی رہی۔