عمران خان اور چینی صدرکے درمیان رواں ہفتے بشکیک میں ملاقات ہوگی

65

بیجنگ (اے پی پی) وزیراعظم عمران خان اور چین کے صدر شی جن پنگ کے درمیان رواں ہفتے کرغیزستان کے شہر بشکیک میں ہونے والے شنگھائی تعاون تنظیم (ایس سی او) کے اجلاس کے دوران ملاقات میں علاقائی اور بین الاقوامی امور کے علاوہ پاک چین تعلقات کے فروغ کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا جائے گا۔ یہ بات چین کے نائب وزیر خارجہ ژینگ ہان ہوئی نے پیر کو اپنے ایک بیان میں کہی ۔ انہوں نے کہا ہے کہ دونوں رہنمائوں کی ملاقات میں دو طرفہ تعلقات کے فروغ پر خصوصی توجہ کے ساتھ ساتھ عالمی اور علاقائی امور پر تفصیلی گفتگو ہوگی ۔ چین کے صدر شی جن پنگ کے کرغیزستان اور تاجکستان کے دورے پر بریفنگ کے دوران ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ پاکستان اور چین کے رہنمائوں کی ملاقات کے انتظامات پر تبادلہ خیال کیا جارہا ہے۔انہوں نے کہا کہ صدر شی جن پنگ کرغزستان کا سرکاری دورہ کریں گے اور ایس سی او کے بشکیک میں ہونے والے 12 تا 14جون کے 19ویں سربراہی اجلاس میں شرکت کریں گے۔انہوں نے کہا کہ چینی صدر تاجکستان کے شہر دوشنبے میں ہونے والی ایشیا میں باہمی تعاون اور اعتماد میں اضافے (سی آئی سی اے) کے حوالے سے منعقدہ پانچویں کانفرنس میں بھی شرکت کریں گے اور وہ 14 تا 16جون کو سرکاری دورے پر ہوں گے۔ اس دوران روایتی اور غیر روایتی ملاقاتوں اور دوطرفہ مذاکرات میں شرکت کے علاوہ درجنوں معاہدوں پر دستخط اور اعلامیے بھی متوقع ہیں۔