گرفتاریاں نالائق اعظم کو عوام کے غیض وغضب سے نہیں بچا سکتیں،مریم نواز

120

مسلم لیگ (ن) کی مر کزی نائب صدر مر یم نواز نے کہا ہے کہ نالائق اعظم اور اسکی جعلی حکومت جو مرضی کرلے وہ عوام کے غیض وغضب سے نہیں بچ سکتے۔

سماجی رابطے کی سائٹ ٹوئٹر پر رہنمامسلم لیگ ن مریم نوازنے حمزہ شہباز کی گرفتاری پر ردعمل دیتے ہوئے کہناتھا کہ نالائق اعظم اور اس کی جعلی حکومت جو مرضی کرلے، مسلم لیگ (ن) ہر صورت عوام کی آواز بنے گی، جیلیں نہ حمزہ شہباز کے لئے نئی ہیں اور نہ ہی مسلم لیگ (ن) کے لئے، ہم نے ڈکٹیٹر کے مظالم کا مقابلہ کیا ہوا ہے، یہ ٹوٹی پھوٹی، جعلی اور آخری سانسیں لیتی حکومت تو ہے ہی ریت کی دیوار۔

مریم نواز نے کہا کہ کٹھ پتلی وزیراعظم کے اشاروں پر ناچنے والا نیب ظلم و ناانصافی کی ساری حدیں پار کر چکا ہے، ایسا کرنے والے نہ پہلے تاریخ کے قہر سے بچے ہیں نہ اب بچیں گے، حمزہ ! سربلند ہو کے رہنا، کٹھ پتلی تماشا ختم ہونے کو ہے۔

رہنما (ن) لیگ کا کہنا تھا کہ معاشی سروے اور بجٹ جیسی تاریخی ناکامیوں سے توجہ ہٹانے کے لیے گرفتاریاں تمہیں عوام کے غیض وغضب سے نہیں بچا سکتیں، گرتی ہوئی دیواروں کو گرفتاریوں سے نہیں بچایا جا سکتا جس حکومت میں پوری قوم قید کی کیفیت میں ہو، اس حکومت میں اپوزیشن کی گرفتاریوں سے نالائق اعظم خود کو نہیں بچا سکتا۔