بجٹ میں غریب پر کم سے کم بوجھ ڈالا جائے،وزیراعظم

97
اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان کی زیرصدارت بجٹ جائزہ اجلاس ہورہا ہے
اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان کی زیرصدارت بجٹ جائزہ اجلاس ہورہا ہے

اسلام آباد( آن لائن+صباح نیوز)وزیراعظم عمران خان نے اپنی معاشی ٹیم کو غریب طبقے پر کم سے کم بوجھ ڈالنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ بجٹ عوام دوست اور معاشی استحکام کے پیش نظر بنایا جائے۔ وزیر اعظم عمران خان کی زیرصدارت بنی گالا میں وفاقی بجٹ پر غور کے لیے اجلاس ہوا،جس میں مشیر خزانہ حفیظ شیخ، گورنر اسٹیٹ بینک رضا باقر،چیئرمین ایف بی آر شبر زیدی اور اقتصادی ماہرین نے شرکت کی۔معاشی ٹیم نے وزیراعظم کو آئندہ بجٹ سے متعلق تجاویز پر بریفنگ دی اور انہیں بجٹ میں ٹیکس کے نفاذ اور اہداف سے متعلق آگاہ کیا جبکہ مالی سال 2018-19ء کی بجٹ تجاویز پر بھی غور کیا گیا۔وزیراعظم نے بجٹ تیاری اور ممکنہ حجم سے متعلق معاشی معاہرین سے مشاورت کی جبکہ مشیر خزانہ، گورنر اسٹیٹ بینک اور چیئر مین ایف بی آر نے وزیراعظم کو تجاویز پیش کیںوزیر اعظم نے اپنی معاشی ٹیم کو غریب طبقے پر کم سے کم بوجھ ڈالنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ بجٹ عوام دوست اور معاشی استحکام کے پیش نظر بنایا جائے۔دوسری جانب حکومت نے آئندہ نان فائلرزکے گرد گھیرا تنگ کرنے کا فیصلہ کرلیا ہے۔ غیررجسٹرڈ انڈسٹریل اورکمرشل صارفین پرسیلز اور انکم ٹیکس میں اضافہ کرنے کی تجویز پیش کردی۔ ایسے صارفین رسیلزٹیکس کی شرح 5 فیصد سے بڑھا کر 20 فیصد کرنے کی سفارش کی گئی ہے۔ بتایا گیا ہے کہ جن صارفین کابل 20 ہزار روپے ماہانہ سے زائد ہوگا، یہ ٹیکس ان پرلگے گا۔اسی طرح بجٹ میں اشرافیہ کے لیے این ٹی این کی شرط لازمی کرنے کی تجویزدی گئی ہے۔ ایسے صارفین کو این ٹی این دکھانا ہوگا جن گھریلو صارفین نے سالانہ10لاکھ روپے بجلی کا بل ادا کیا ہوگا۔ اسی طرح ٹیکس فائلرزکوہی زرعی آمدن پر چھوٹ ملے گی۔ نان فائلرزکے بزنس کلاس ایئرٹکٹ پرودہولڈنگ ٹیکس کی شرح دوگنی اورنان فائلرز انڈسٹریل اورکمرشل صارفین پرانکم ٹیکس کی شرح 25 فیصد کرنے کی تجویز دی گئی ہے۔مزید برآں حکومت نے بجٹ میں سگریٹ اور کاربونیٹڈ ڈرنکس مہنگی کرنے کا فیصلہ کرلیا ہے۔ بتایا گیا ہے کہ حکومت نے سگریٹ کی ہرڈبی پر 10روپے اور کاربونیٹڈ ڈرنکس کی 250 ملی لیٹر کی بوتل پر ایک روپے ہیلتھ ٹیکس لگانے کا فیصلہ کرلیا ہے۔سگریٹ اور دیگر مصنوعات کی غیر قانونی پیداوار اور تجارت روکنے کے لیے اقدامات اٹھانے کا فیصلہ بھی کیا گیا ہے جبکہ سگریٹ اور دیگر مصنوعات کی غیر قانونی پیداوار اور تجارت روکنے کے لیے مانیٹرنگ کی جائے گی۔پاکستان میں ایک کروڑ 70 لاکھ افراد تمباکونوشی کرتے ہیں۔ سالانہ 143 ارب 21 کروڑ روپے کی تمباکو نوشی کی جاتی ہے جبکہ ملک میں تمباکو نوشی سے ایک لاکھ 60 ہزار افراد تمباکو نوشی سے ہلاک ہوجاتے ہیں۔ اسی طرح 2 کروڑ سے زاید افراد ذیا بیطس کا بھی شکار ہیں۔ بتایا گیا ہے کہ حکومت کو تمباکو نوشی کی مد میں کثیر زرمبادلہ حاصل ہوگا۔علاوہ ازیں وزیر اعظم عمران خان کی معاون خصوصی برائے اطلاعات و نشریات ڈ اکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ حکومت کی نمبر ون ترجیح عوام ہیں اور یہ بجٹ عوام دوست ہوگا، یہ بجٹ تحریک انصاف کے طویل المدتی پروگرام کی راہ ہموار کرے گا،آئندہ مالی سال کے بجٹ پر حکومتی ترجمانوں کا اجلاس بھی بنی گالہ میں طلب کیا گیا ہے اور اس کی صدارت بھی وزیراعظم عمران خان کریں گے۔ خیال رہے کہ وفاقی حکومت اپنا بجٹ(کل) منگل 11 جون کو پیش کرے گی۔