پاکستان کیخلاف سازشیں کرنے والے ناکام ہوںگے، حلیم عادل

44

کراچی ( اسٹاف رپورٹر ) پاکستان تحریک انصاف سندھ کے پارلیمانی لیڈر حلیم عادل شیخ نے کہا کہ وزیرستان میں شہید ہونے والے میجر معیز مقصود بیگ کے والد کا جذبہ دیکھ کر فخر ہوا، جس قوم میں میجر معیز جیسے لوگ ہوں اس قوم کو کوئی پستی میں نہیں دھکیل سکتا،ان کی شہادت پر پوری قوم کو فخرہے، ان شہیدوں کی وجہ سے پاکستان قائم ہے۔پی ٹی آئی رہنما نے مسجد حرا کے باہر شہید کے والد مرزا مقصود بیگ کے ہمراہ میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کے دشمن سازشیں کر رہے ہیں لیکن ان کو منہ کی کھانی پڑے گی، پاک فوج کا ایک ایک سپاہی ملک کے دفاع کے خاطر کھڑا ہے۔ اس وقت پاکستان ترقی کی راہ پر گامزن ہے جو ملک دشمنوں عناصر سے برداشت نہیں ہورہا ہے۔ اس موقع پر پی ٹی آئی رہنما مظفر شجرا، محمد علی ہکڑو، محمد علی شیروانی و دیگر بھی موجود تھے۔