شیخ رشید نے محکمہ ریلوے کوتباہ کردیا،صوبائی وزیرٹرانسپورٹ

53

کراچی ( اسٹاف رپورٹر) سندھ کے وزیر ٹرانسپورٹ سندھ سید اویس قادرشاہ نے کہا ہے کہ وفاقی وزیر شیخ رشید نے محکمہ ریلوے کو تباہ کردیا ہے،شیخ رشید کہتے ہیں کہ نئی ٹرینیں چلائیں گے، ان کے اتحادی کا کہنا ہے کہ بوگیاں ہی نہیں تو وفاق کے سی آرکیسے چلائے گا،عدالتی احکامات پر کراچی سرکلر ریلوے سے تمام تجاوزات ہٹائے، وفاقی حکومت کی ذمے داری بنتی ہے کہ کے سی آر پر ٹرینیں چلائے۔ انہوں نے اپنے جاری کردہ بیان میں کہا کہ میئر کراچی اور شیخ رشیدکراچی سرکلر ریلوے سے تجاوزات ہٹانے میں تاخیر کے ذمے دار ہیں۔وفاقی حکومت اوراس کی اتحادی جماعت نہیں چاہتے کہ کراچی سرکلر ریلوے چلے،وفاقی وزیر شیخ رشید نہیں چاہتے کہ کراچی کے عوام کو بہتر ٹرانسپورٹ کی سہولیات ملیں۔اویس قادرشاہ نے کہا کہ سندھ حکومت نے ہمیشہ عدالتی فیصلوں کا احترام کیا ہے اور کرتی رہے گی، کمشنر کراچی، ڈی جی ماس ٹرانزٹ اور پولیس ملکر کے سی آر سے تجاوزات ہٹانے میں مدد کررہے ہیں،سندھ حکومت آج بھی کے سی آر منصوبہ مکمل کرنے کے لیے تمام اداروں سے تعاون کے لیے تیار ہے۔