جاپانی وزیر اعظم کی دورۂ ایران سے قبل اسرائیلی ہم منصب سے گفتگو

33

ٹوکیو (انٹرنیشنل ڈیسک) جاپانی وزیراعظم شینزو آبے نے اسرائیلی ہم منصب نیتن یاہو سے دورہ ایران سے قبل ٹیلیفون پر گفتگو کی۔ 30 منٹ کی بات چیت میں وزیراعظم آبے نے کہا کہ ان کا دورہ مشرقِ وسطیٰ میں کشیدگی کم کرنے کی ایک کوشش ہے۔ اس موقع پر نیتن یاہو نے خطے کے استحکام اور خوشحالی کے لیے مل جل کر کام کرنے پر اتفاق کیا۔ دونوں وزرائے اعظم نے جاپان اور اسرائیل کے مابین سلامتی اور معیشت سمیت دیگر شعبوں میں تعلقات کو مزید تقویت دینے پر بھی اتفاق کیا۔
حکومت سے اختلافات پر ایران کے وزیر تعلیم مستعفی
تہران (انٹرنیشنل ڈیسک) ایرانی وزیر تعلیم محمد بطحائی کو ان کے عہدے سے سبکدوش کر دیا گیا۔ مقامی ذرائع ابلاغ کے مطابق استعفا لیے جانے کی وجہ وزیر کی آیند ہ انتخابات میں حصہ لینے کا اعلان تھا۔ مزید یہ کہ صدر حسن روحانی وزیر تعلیم کی کارکردگی سے خوش نہیں تھے، جس کی وجہ سے ان سے عہدہ واپس لیا گیا۔ بعض ذرائع کا دعویٰ ہے کہ وزیر تعلیم نے حکومت کی طرف سے اساتذہ کے معاملات سے متعلق پہلو تہیکی اور ترقیوں اور مالی معاملات میں ناانصافی بھی کی۔ خبررساں ادارے تسنیم کے مطابق محمد بطحائی کے استعفا کی وجوہات ذاتی نوعیت کی ہیں۔