پاکستان فٹسال فیڈریشن کے عہدیداروں کی اکبر حسین درانی سے ملاقات

74

اسلام آباد(جسارت نیوز)پاکستان فٹ سال فیڈریشن کے عہدیداروں نے سیکرٹری جنرل عدنان سمیع کی قیادت میں وفاقی سیکرٹری بین الصوبائی رابطہ اکبر حسین درانی سے گزشتہ روز ان کے دفتر میں ملاقات کی، اس موقع پر پاکستان اسپورٹس بورڈ کے ڈائریکٹر جنرل عارف ابراہیم کے علاوہ پاکستان فٹ سال فیڈریشن کے سینئر نائب صدر عدنان ملک اور سیکرٹری ریفری ایسوسی ایشن انور خان بھی موجود تھے۔ پاکستان فٹ سال فیڈریشن کے سیکرٹری جنرل عدنان سمیع نے وفاقی سیکرٹری بین الصوبائی رابطہ اکبر حسین درانی کو فٹ سال فیڈریشن کی کئی سالوں کی کارکردگی، انٹرنیشنل ایونٹس میں شرکت اور آئندہ کی سرگرمیوں کے حوالے سے مکمل بریفنگ دی۔ وفاقی سیکرٹری بین الصوبائی رابطہ اکبر حسین درانی نے وفد کو یقین دلایا کہ حکومت ملک میں کھیلوں کی ترقی کے لئے تمام وسائل بروئے کار لا رہی ہے اور کھلاڑی قوم کا سرمایہ اور ملکی سفیر کا درجہ رکھتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ حکومت پاکستان فٹ سال فیڈریشن کو ملک میں فٹ سال کے فروغ کے لئے تمام سہولیات فراہم کرے گی۔