شرپسند ترقی میں رکاوٹ ہیں،اپوزیشن اداروں کو کمزور کرنے کی سازش کا حصہ نہ بنے ،فردوس عاشق

77

اسلام آباد(صباح نیوز+مانیٹر نگ ڈ یسک)وزیر اعظم کی معاون خصوصی برائے اطلاعات و نشریات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ شمالی وزیرستان میں چیک پوسٹ پر حملہ افسوسناک ہے،حکومت کا لائن آف ایکشن قانون کے مطابق ہوگا،شرپسند ترقی میں رکاوٹ ہیں، اپوزیشن اداروں کو کمزور کرنے کی سازش کا حصہ نہ بنے، قبائلی عوام کو جائز حقوق دے کر قومی دھارے میں لائیں گے، قبائلی عوام ملک کی تعمیر ترقی میں ہراول دستہ بنیں گے۔ شمالی وزیرستان میں سیکورٹی چیک پوسٹ پر حملے پر ردعمل دیتے ہوئے ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان کا کہنا تھا کہ ایک جھتے کی جانب سے سیکورٹی چیک پوسٹ پر حملہ انتہائی افسوسناک ہے،وزیر علی اور محسن داوڑ شرپسند عناصر کو چھڑانے کے لیے پہنچے تھے،یہ لوگ عالمی طاقتوں کے ہاتھوں کھلونا بن رہے ہیں، قبائلی عوام نے اس گروہ سے لاتعلقی کا اعلان کیا،بڑی قربانیوں کے بعد قبائلی علاقوں میں امن بحال ہوا ہے، وزیراعظم نے قبائلی عوام کے زخموں پر مرہم رکھا،علاقے کی تعمیر و ترقی کے لیے اقدامات ہو رہے تھے،قبائلی عوام کے حقوق کے لیے مثبت پیش رفت کو آغاز ہوا، قبائلی عوام کو قربانیوں کے ثمرات ملنے کا وقت آیا تھا لیکن کچھ لوگ عالمی قوتوں کے آلہ کار بن گئے۔ ڈاکٹرفردوس عاشق اعوان نے کہا کہ ریاست کے خلاف مسلسل پروپیگنڈا کر کے لوگوں کو گمراہ کیا جا رہا تھا، ریاست مخالف سرگرمیوں میں ملوث افراد کو چھڑانے کی کوشش کی گئی، قبائلی عوام ملک کی تعمیر ترقی میں ہراول دستہ بنیں گے، عوام ان گروہوں سے لاتعلقی کا اظہار کر کے پاک فوج کے شانہ بشانہ کھڑے ہوں گے۔ سیکورٹی چیک پوسٹ پر حملے کے بعد حکومتی ردعمل کے حوالے سے بات چیت کرتے ہوئے ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان کا کہنا تھا کہ حکومت کا ایکشن آئین اور قانون کے مطابق ہو گا، ریاستی رٹ کو ہر صورت قائم رکھا جائے گا۔علاوہ ازیںوزیر اعظم کی معاون خصوصی برائے اطلاعات و نشریات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ پیمرا چیئرمین نیب کی وڈیو لیک کے معاملے کی تحقیقات کر رہا ہے اور ٹی وی چینل کو شوکاز دیا ہوا ہے اور 6روزمیں اس معاملے کو طے ہونا ہے اگر ٹی وی چینل ثبوت نہیں دیتا تو پھر قانون کے مطابق اس چینل کے خلاف اور اس کے مالک کے خلاف کارروائی ہو گی۔ انہوں نے کہا کہ آج اپوزیشن کہے گی کہ نیب کے خلاف انکوائری کرائیں، کل کہیں گے عدالت کے خلاف انکوائری کرائیں اور پرسوں کہیں گے پولیس کے خلاف انکوائری کرائیں،جو شخص بھی ان کی مرضی کے تابع اور خواہشات کی تکمیل کے راستے میں رکاوٹ ہو گا یہ اس کو نشانہ بنائیں گے اور یہ ایک بڑی منظم سازش کا حصہ ہے ۔دوسری جانب وزیر اعظم کی معاون خصوصی برائے اطلاعات و نشر یات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے سوشل میڈیا ویب سائٹ ٹویٹر پر پیغام میںکہا ہے کہ شہباز شریف آپ کی یہاں تلاش جاری ہے،میدان چھوڑ کر بھاگنے والے دوسروں کو درس دے رہے ہیں، شہباز شریف صاحب چیمبر آپ کا خالی ہے۔ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے ( ن) لیگ کے صدر شہباز شریف کو مخاطب کر تے ہوئے کہا کہ شہباز صاحب اسحاق ڈار کے ساتھ واپس آئیں تاکہ سچ جھوٹ کا پتا چلے، شہباز شریف صاحب’’چیمبر‘‘ آپ کا خالی ہے اور آپ کی یہاں تلاش جاری ہے،جو میدان چھوڑ کر بھاگ گئے ہیں وہ دوسروں کو دروغ گوئی کا کیا درس دے رہے ہیں؟ شہباز صاحب اسحاق ڈارکے ساتھ واپس آئیں تاکہ سچ جھوٹ کا پتا چلے۔