حیدرآباد ،بلدیہ کی نااہلی،اہم شاہراہیں جوہڑ میں تبدیل

85

حیدر آباد (اسٹاف رپورٹر) رمضان المبارک میں بھی بلدیہ کی نااہلی کے باعث شہر کے اہم شاہراہیں، مرکزی بازار سیوریج کے گندے پانی سے بھرگئے۔ رسالہ روڈ، سبزی منڈی، اسٹیشن روڈ، لطیف آباد میں بدترین گندگی جس سے نہ صرف خریداری کے لیے آنے والوں کو سخت اذیت کا سامنا بلکہ ٹریفک جام بھی بڑا مسئلہ بنا ہوا ہے، جوں جوں عید قریب آرہی ہے اور بازاروں میں رش بڑھ رہا ہے وہیں ٹریفک جام ایک عذاب بن گیا ہے، خاص طور پر افطار کے وقت اور رات کو بازاروں میں جانا مشکل ہوگیا، شہر بھر میں مارکٹیں تیزی سے بن رہی ہیں لیکن پارکنگ جیسے اہم اور سنگین مسئلے کی جانب توجہ نہیں دی جارہی۔ یہ ہی وجہ ہے کہ تجاوزات، پارکنگ کا نہ ہونا اور ٹوٹ پھوٹ کا شکار سڑکیں بدترین ٹریفک جام کا باعث بن رہی ہیں۔ سبزی منڈی، اسٹیشن روڈ، لطیف آباد یونٹ نمبر 12 میں اہم شاہراہوں پر گڑھے پڑے ہوئے ہیں جن میں گندا پانی اور کیچڑ جمع ہے۔ شہریوں نے سخت رد عمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ہے کہ بلدیہ کی نااہلی کے باعث شہر کھنڈر میں تبدیل ہوگیا ہے۔ شاہراہیں جوہڑ کا منظر پیش کررہی ہیں۔ ایم کیو ایم کے میئر ملک سے فرار جبکہ قائم مقام میئر کی شہر پر کوئی توجہ نہیں ہے۔ وہ آخری موقع سمجھ کر زیادہ سے زیادہ مال بنانے میں لگے ہوئے ہیں۔