لاڑکانہ اورنوابشاہ کوکچھ نہ دینے والے کراچی کاکیادیںگے‘پیراسماعیل

70

کراچی (اسٹاف رپورٹر) فنکشنل لیگ ڈسٹرکٹ سینٹرل کی افطار ڈنر سے خطاب کرتے ہوئے فنکشنل لیگ سندھ کے نائب صدر پیر سید اسماعیل شاہ نے کہا کہ 11برس سے صوبے پربرسراقتدار پیپلز پارٹی نے سندھ کو برباد کر دیا ہے۔ ہم ان کی آنکھوں میں آنکھیں ڈال کر پوچھتے ہیں کہ آپ نے کرپشن کے سوا عوام کو کیا دیا ہے۔وقت آگیا ہے کہ غلط کو غلط کہیں، جنہوں نے لاڑکانہ اور نوابشاہ کو کچھ نہیں دیا، وہ کراچی کو کیا دیں گے، جو بھٹو کے نام پر ووٹ لے رہے ہیں، کیا ذوالفقار علی بھٹو اور بے نظیر بھٹو اتنا عرصہ حکومت کر سکی، زرداری اور اس کے بیٹے کے پاس کون سے گیدڑ سنگھی ہے، جو وہ لگاتار حکومت میں بیٹھے ہیں۔ اس موقع پر فنکشنل لیگ سندھ کے جنرل سیکرٹری سردار عبدالرحیم نے کہا کہ فنکشنل لیگ کراچی میں تیزی سے اپنی جڑیں مضبوط کر رہی ہے۔ کراچی والوں کو امن، نوکریاں، پانی اور سیوریج سمیت بہتر بلدیاتی نظام چاہیے۔ جو لوگ بٹھوارے، نفرت کی سیاست کرتے ہیں، وہ کچھ نہیں دے سکتے۔ ان شاء اللہ ہم لاڑکانہ، خیرپور اور کراچی میں فرق ختم کر دیں گے۔ ایم پی اے نصرت سحر عباسی نے کہا کہ نوجوانوں کو محنت کرنی پڑے گی، بلدیاتی انتخابات میں کامیابی کیلیے رات دن جدوجہد کرنی پڑے گی۔ ہم بھی حکومت کا حصہ ضرور بنیں گے۔ تقریب سے فنکشنل لیگ کراچی کے کنوینئر ارشد شر بلوچ، ضلعی سینٹرل کے صدر بابر جہانگیر نے بھی خطاب کیا۔