قوت گویائی سے محروم خاتون کو بازیاب کرایا جائے،قاسم قمرنوید

44

کراچی(اسٹاف رپورٹر) وزیر اعلیٰ سندھ کے معاون خصوصی برائے بحالی خصوصی افراد سید قاسم نوید قمر نے ضلع شکار پور کے علاقے اللہ باد سے تیس سالہ قوت گویائی سے محروم خاتون کی گمشدگی کا نوٹس لیتے ہوئے ایس ایس پی شکار پور ساجد امیر سدوزئی سے کہا کہ وہ مذکورہ گمشدہ خاتون کی بازیابی کی کوششوں کو مزید تیز کریں اور جلد از جلد خاتون کو تلاش کرکے اس کے ورثا تک پہنچایا جائے۔ وزیر اعلیٰ سندھ کے معاون خصوصی برائے بحالی خصوصی افراد سید قاسم نوید قمر نے یہ ہدایت ایس ایس پی شکار پور ساجد امیر سدوزئی سے فون پر گفتگو کرتے ہوئے کہی۔ ایس ایس پی شکار پور نے بتایا کہ مذکورہ خاتون چار روز قبل بے نظیر انکم سپورٹ کی رقم لینے گئی تھی اور پر اسرار طور پر غائب ہوگئی۔ سید قاسم نوید قمر نے ایس ایس پی شکار پور کو خاتون کو تلاش کرنے کے لیے اپنی تمام صلاحیتوں کو بروئے کار لانے کی بھی ہدایت کی۔ انہوں نے گمشدہ خاتون کے ورثا کو بھی یقین دلایا کہ خاتون کی بازیابی کے لیے بھرپور کوشش جاری ہیں اور وہ جلد اچھی خبر سنیں گے۔