رمضان جسمانی وروحانی امراض کے علاج کا مہینہ ہے‘نصراللہ عزیز

75
حافظ نصراللہ عزیز عوامی کالونی شرافی گوٹھ میں افطار پارٹی سے خطاب کر رہے ہیں
حافظ نصراللہ عزیز عوامی کالونی شرافی گوٹھ میں افطار پارٹی سے خطاب کر رہے ہیں

راچی ( صباح نیوز)جماعت اسلامی سندھ کے نائب امیر حافظ نصراللہ عزیز نے کہا ہے کہ ماہ رمضان المبارک جسمانی وروحانی تمام امراض کے علاج اور شفا کا مہینہ ہے، روزہ صرف گناہوں کی ڈھال نہیں بلکہ اس میں صحت کا بہت بڑا راز بھی چھپا ہوا ہے،ایسے مقدس اور بابرکت مہینے میں بھی حکمرانوں خود کو نیب زدہ اور عوام کو ایڈز زدہ بنادیا ہے۔ان خیالات کااظہار انہوں نے مشرف کالونی میں دعوت افطار اور ناظم آبادنمبر 2میں تربیتی اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے مزید کہا کہ بنیادی طور پر سیکولر اور لادین حکمران قرآن کے فلسفے اور رمضام المبارک کے پیغام سے ناآشنا ہیں، ان لوگوں کی دعوت افطار بھی ثواب کیلئے نہیں بلکہ اپنی سیاسی مفادات کی تکمیل کیلئے ہوتی ہیں، ماہ مبارک میں تو مسلسل رب ذوالجلال کی طرف سے یہ منادی سنائی جارہی ہے کہ ظلم اور استحصال کرنے اور سہنے والے انسانوں لوٹ آئو اپنے رب کی طرف ، اپنے گناہوں پر ندامت کے آنسو بہائو،توبہ واستغفار کرو میں تمہیں جہنم کی آگ سے نجات اور جنت کے دروازے کھولنے کے ساتھ دنیا کی تمام آفات اور ایڈز جیسی بیماریوں سے بھی نجات دلادوں گا۔علاوہ ازیںحافظ نصراللہ عزیز نے عوامی کالونی شرافی گوٹھ میںدعوت افطار سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کے حکمراں مسلمان ضرورہیں لیکن اسلام کے نفاذ سے ان کا کوئی واسطہ نہیں ہے ۔مقاصد پاکستان کیلیے اسلامی نظام کانفاذ ناگزیرہے پاکستان میں اقتدار ان لوگوں کے حوالے کیا جنھوں نے کھلم کھلا اللہ کی نافرمانی کی اور ملک میں سودی معیشت کو مسلط کیا ۔رمضان کا مہینہ رب سے لو لگانے اور اور اس کے ساتھ وفا داری کا مہینہ ہے ۔ حافظ نصراللہ عزیزنے کہا کہ اسلام کا عادلانہ نظام ہی ہمارے مسائل کا واحد حل ہے ۔رمضان نزول قرآن کا مہینہ ہے ۔اللہ پاک نے رمضان میں قرآن کو نازل فرمایا اور رمضان میں پاکستان قائم ہوا ہے ۔ہمیں اللہ کی زمین پر اللہ کے دین کو نافذ کرنا ہے اور یہ دین جب نافذ ہوگا جب ہم سب اقامت دین کا کا م کرینگے۔