حضرت علیؓ کا یوم شہادت آج عقیدت و احترام سے منایا جائے گا

46

کراچی (اسٹاف رپورٹر)شیر خدا حضرت علی کرم اللہ وجہہ کا یوم شہادت آج بروز ( منگل )21رمضان المبارک کو انتہائی عقیدت و احترام کے ساتھ منایا جائے گا۔ یوم علی کی مناسبت سے جلوس، مجالس ، سیمینارز اور کانفرنسز کا انعقاد کیا جائے گا جس میں علمائے کرام اور ذاکرین حضرت علی کرم اللہ وجہہ کی حیات مبارکہ پر تفصیلی روشنی ڈالیں گے ۔یوم علیؓ کی مناسبت سے صبح دس بجے مجلس عزا نشتر پارک میں منعقد ہوگی جس سے علامہ رضا حیدر رضوی خطاب کریںگے جس کے بعد مرکزی جلو س 12بجے بر آمد ہوگا۔اس بار نمائش چورنگی پر تعمیراتی کام کی وجہ سے روٹ میں کچھ تبدیلی کی گئی ہے۔ جلوس نشتر پارک سے برآمد ہوکر نوائے وقت کے دفتر تک جائے گا وہاں سے مزار قائد کے وی آئی پی گیٹ پہنچے گا جہاں نماز ظہرین ادا کی جائے ۔ بعد ازاں جلوس پیپلز سیکرٹریٹ سے لائنز ایا کوریڈور تھری سے ایمپریس مارکیٹ پہنچے گا اور پھر وہاں سے اپنے مقررہ راستے صدر ریگل چوک سے تبت سینٹر آئے گا اورجامعہ کلاتھ، سٹی کورٹ، ڈینسو ہال، لائٹ ہاوس او ر بولٹن مارکیٹ سے ہوتا ہوا امام بارگاہ حسینیہ ایرانیان کھارا در پر اختتام پذیر ہوگا۔کراچی میں یوم علیؓ کے جلوس کے لیے سیکورٹی پلان ترتیب دے دیا گیا ہے اور صوبے بھرمیں جلوسوں کے تمام انتظامات مکمل کرلیے گئے ہیںاور جلوس کے لیے تفصیلی سیکورٹی پلان ترتیب دیا گیا ہے ۔