عمران خان کا مودی کو فون ،عوام کیلیے مل کر کام کرنیکا عزم

83

اسلام آباد(صباح نیوز+نمائندہ جسارت)وزیر اعظم عمران خان نے بھارتی وزیراعظم نریندر مودی کو ٹیلیفون کیا ہے اور الیکشن میں کامیابی پر مبارکباد دی ہے۔ نریندر مودی نے سابق وزیراعظم میاں محمد نواز شریف کی طرح وزیراعظم عمران خان کو وزرات عظمیٰ کے حلف کی تقریب میں مدعوکرلیا تو پاکستان کا کیا فیصلہ ہوگا۔ٹی وی ٹاک شوز سیاسی و سفارتی حلقوں میں سوال اٹھنا شروع ہوگئے اور اس پر تجزیوں کا سلسلہ شروع ہوگیا ۔ اتوارکوترجمان دفتر خارجہ کے مطابق وزیراعظم عمران خان نے بھارتی وزیراعظم نریندر مودی کو ٹیلیفون کیا ہے،ٹیلی فونک گفتگو میں وزیر اعظم نے نریندر مودی کو الیکشن میں کامیابی پر مبارکباد دی۔دفتر خارجہ کے مطابق وزیراعظم نے مل کر دونوں ممالک کے عوام کی بہتری کے لیے کام کرنے کی خواہش کا اظہار کیا، اس کے علاوہ وزیر اعظم نے خطے کے امن اور استحکام کیلیے کام کرنے کا بھی اعادہ کیا۔یادرہے کہ نریندرمودی نے 2014ء میں پہلی بار بھارتی وزیراعظم بننے پر حلف برداری کی تقریب میں اس وقت کے پاکستان کے وزیراعظم میاں محمدنواز شریف کو مدعو کیا تھا اور نواز شریف اس میں شریک ہوئے تھے۔سفارتی حلقوں میں سوال اٹھنا شروع ہوگئے ہیں اورتجزیوں کا سلسلہ جاری ہے کہ اگر مودی نے روایت کو برقراررکھتے ہوئے وزیراعظم عمران خان کو حلف برداری کی تقریب میں مدعوکرلیا تو پاکستان کا فیصلہ کیا ہوگا۔اس حوالے سے ابھی صورتحال واضح نہیں ہے۔