فواد چودھری نے ملک میں 5 جون کو عید الفطر کا اعلان کر دیا

77

لاہور (صباح نیوز) وفاقی وزیر سائنس و ٹیکنالوجی نے ملک میں 5 جون کو عید الفطر کا اعلان کردیا۔ سائنسدانوں کی مدد سے چاند دیکھنے کی ایپلیکیشن بنالی گئی ہے۔ فواد چودھری نے لاہور میں پاکستان کی پہلی چاند دیکھنے کی ویب سائٹ کا افتتاح کرنے کے بعد تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اب ہر شخص ویب سائٹ پر پاکستان میں چاند کی صورت حال کے بارے جان سکے گا جبکہ ویب سائٹ میں ہجری کیلنڈر بھی ڈال دیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پیر سے ویب سائٹ کی ایپ بھی شروع کر دی جائے گی جو پلے اسٹور پر موجود ہو گی اور وہاں سے ڈائون لوڈ کی جاسکے گی۔ فواد چودھری نے اگست کے مہینے کو سائنس اور ٹیکنالوجی کا مہینہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ اگست کے مہینے میں 40سال سے کم عمر افراد اپنا آئیڈیاز ہمیں بھیجیں ہم کسی بھی اچھے آئیڈیا کو اسپانسر کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ میری ذاتی رائے میں اب رویت ہلال کمیٹی کی ضرورت نہیں رہی ہے اس کو ختم کر دینا چاہیے، متحدہ عرب امارات میں رویت ہلال کمیٹی اور سائنس و ٹیکنالوجی مل کر کام کر رہے تھے لیکن اب وہاں بھی رویت کمیٹی کو ختم کیا جا رہا ہے۔ فواد چودھری نے کہا کہ ہم نے 5 سال کے لیے کیلنڈر ترتیب دے دیا ہے اور بہت سے اسلامی ممالک میں کیلنڈر سے ہی کام لیا جا رہا ہے۔ وزیر سائنس و ٹیکنالوجی نے نیب پر بات کرتے ہوئے کہا کہ چیئرمین نیب کے اسکینڈل سے احتساب کے عمل کو نقصان پہنچا ہے تاہم اس پر اسمبلی میں بات ہو گی۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف احتساب کا وعدہ پورا نہیں کر سکی ہے کیونکہ جس طرح لوٹا ہوا پیسہ واپس آنا چاہیے تھا وہ نہیں ہو سکا جبکہ شہباز شریف کے بیرون ملک جانے پر لوگ ہم پر انگلیاں اٹھا رہے ہیں۔ دوسری جانب چیئرمین اسلامی نظریاتی کونسل قبلہ ایاز نے نجی ٹی سے بات کرتے ہوئے کہا کہ وزارت سائنس و ٹیکنالوجی نے تفصیلی کیلنڈر بھیجا ہے جس پر تحقیق کی جا رہی ہے جبکہ ہم اس معاملے پر تمام علمائے کرام سے مشاورت کرنا چاہتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ فواد چودھری کو انتظار کرنا چاہیے تھا، آنکھ کے ذریعے چاند دیکھنا بہت ضروری ہے جبکہ رمضان المبارک کے چاند کا اعلان رویت کے مطابق ہی ہونا چاہیے۔