نیب احتساب کے نام پر لوگوں کی پگڑیاں اچھال رہا ہے،حمزہ شہباز

118
لاہور: ن لیگی رہنما حمزہ شہباز احتساب عدالت میں پیشی کے لیے آرہے ہیں
لاہور: ن لیگی رہنما حمزہ شہباز احتساب عدالت میں پیشی کے لیے آرہے ہیں

لاہور (نمائندہ جسارت)پنجاب اسمبلی میں قائد حزب اختلاف محمد حمزہ شہباز شریف نے کہا ہے کہ چیئرمین نیب کا معاملہ سپریم جوڈیشل کونسل میں لے جانا چاہیے‘ چیئرمین نیب کے معاملے پر اسمبلی کا اجلاس بلوایا جائے‘ نیب احتساب کے نام پر سیاستدانوں کی پگڑیا ں اچھال رہا ہے‘ ملکی معیشت ڈوب رہی ہے اور نیب کاروباری افراد کو ڈرا رہا ہے‘ ثابت ہو چکا کہ عمران نیازی نا اہل ترین وزیر اعظم ہیں۔ لاہور کی احتساب عدالت میں رمضان شوگر ملز کیس کی سماعت کے موقع پر عدالت میں پیشی کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے حمزہ شہباز کا کہنا تھا کہ چیئرمین نیب کا معاملہ سپریم جوڈیشل کونسل میں لے کر جانا چاہیے۔نیب احتساب کے نام پر سیاستدانوں کی پگڑیاں اچھال رہا ہے ۔ان کا کہنا تھا کہ صحافی نے نیب چیئرمین کے حوالے سے جو باتیں کی ہیں وہ اس پر قائم ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ نیب پارٹی بن چکا ہے، کہیں پر نیب کہتا ہے کہ حمزہ شہباز نے کہا کہ ہمیں وزیر اعلیٰ بنایا جائے، شہباز شریف کو کلین چٹ دی جائے اور اسی انٹرویو میں کہا گیا کہ حکومت کے اندر بھی ایسے لوگ موجود ہیں جن کو ہم پکڑنا چاہتے ہیں لیکن حکومت گر جائے گی ، اس سے پوری قوم ہیجانی کیفیت میں مبتلا ہے کہ یہ کونسا احتساب ہو رہا ہے کہ حکومتی بینچوں سے پیار ہو رہا ہے ، حکومت گر جائے گی۔ ان کا کہنا تھا کہ شہباز شریف کو صاف پانی میں بلایا جاتا ہے اور آشیانہ میں گرفتار کر لیا جاتا ہے اور پھر نکلتا کچھ نہیں ہے۔آج پاکستان مسلم لیگ (ن)کا یہ مطالبہ ہے کہ اسمبلی میں فیکٹ فائنڈنگ کمیٹی بنے ۔