اپوزیشن کا منصوبہ انتشار اور فساد پھیلانا ہے، یہ ناکام ہونگے، گورنر پنجاب

87

لاہور (آئی این پی) گورنر پنجاب چودھری محمد سرور نے کہا ہے کہ اپوزیشن کا ایجنڈا انتشار اور فساد کے سواکچھ نہیں، مگر ان کے تمام منصوبے ناکام ہوں گے، جنہوں نے ملکی خزانہ لوٹا ہے ان کو پائی پائی کا حساب دینا پڑے گا، قومی دولت لوٹنے والے قومی مجرم ہیں انہیں کسی صورت معافی نہیں ملے گی، کڑے اور بلا تفریق احتساب کے بغیر ملک نہیں چل سکتا، آئین و قانون کی حکمرانی کو یقینی بنانے کیلیے مشکل سے مشکل فیصلے سے بھی گریز نہیں کیا جائے گا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گورنر ہاؤس لاہو رمیں پی ٹی آئی سینٹرل پنجاب کے سیکرٹری اطلاعات وقاص افتخار بٹ، سیالکوٹ سے امجد باجوہ، وزیراعلی شکایت سیل کے وائس چیئرمین ناصر سلمان، ویمن تحفظ اتھارٹی کی چیئر پرسن فاطمہ چدھڑ، تحریک انصاف کے مرکزی رکن شیخ زین سمیت دیگر کی قیادت میں آنیوالے وفود سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے مزید کہا کہ وزیراعظم کے نظریے کے مطابق قوم سے 2 نہیں ایک پاکستان بنانے کا وعدہ بھی پورا کر یں گے، اب امیر اور غریب کی تفریق نہیں ہوگی، پارٹی کیلیے قربانیاں دینے والے کارکنوں کو کسی صورت نظرانداز نہیں کیا جائیگا کیوں کہ تحریک انصاف کا ہر ورکرپارٹی کی طاقت ہے۔ ہماری حکومت نے یہ فیصلہ کر رکھا ہے کہ جمہوریت، پارلیمنٹ اور سیاست کو کرپشن سے پاک کرکے اداروں کو مضبوط کرنا ہے جس کیلیے ہر وہ اقدام کریں گے جو ملک اور قوم کے مفاد میں ہوگا۔